تلنگانہ میں سیلاب کے نقصانات پر عنقریب مرکز کو رپورٹ کی پیشکشی

   

Ferty9 Clinic

مرکزی ٹیم کا چاراضلاع میں دورہ، چیف سکریٹری شانتی کماری سے ملاقات
حیدرآباد ۔4۔ اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں نقصانات کا جائزہ لینے کیلئے مرکزی ٹیم نے بھوپال پلی اور ملگ اضلاع کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور مقامی عہدیداروں کے ساتھ صورتحال کا جائزہ لیا ۔ مرکزی ٹیم نے ہنمکنڈہ اور ورنگل میں بھی پانی میں محصور مواضعات کا دورہ کرتے ہوئے متاثرین سے ملاقات کی۔ مرکزی وزارت داخلہ کے جوائنٹ سکریٹری کونال ستیارتھی کی قیادت میں سات رکنی ٹیم نے دو دن تک چار اضلاع کا دورہ کرتے ہوئے نقصانات کا جائزہ لیا ہے۔ اسی دوران مرکزی ٹیم نے چیف سکریٹری شانتی کماری سے ملاقات کی اور امدادی کاموں کے بارے میں تفصیلات حاصل کیں۔ مرکزی ٹیم نے چیف سکریٹری کو بتایا کہ ورنگل ، ہنمکنڈہ ، بھوپال پلی ، ملگ اور کتہ گوڑم کا دورہ کرتے ہوئے نقصانات کا جائزہ لیا گیا ۔ مرکزی ٹیم کو حکومت کی جانب سے متاثرین کی امداد کیلئے کئے گئے اقدامات سے واقف کرایا گیا۔ مرکزی ٹیم نے اپنی رپورٹ جلد ہی مرکز کو پیش کرنے کا تیقن دیا ہے ۔ اس موقع پر ریاستی حکومت کے مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔ چیف سکریٹری نے تلنگانہ حکومت کی جانب سے مرکزی ٹیم کو یادداشت حوالے کی۔