حیدرآباد 26 ستمبر ( سیاست نیوز ) محکمہ موسمیات نے تلنگانہ میں آئندہ 48 گھنٹوںکیلئے شدید بارش کی پیش قیاسی کی ہے اور کہا کہ خلیج بنگال میں ہوا کے دباو میں کمی سے طوفان گلاب پیشرفت کر رہا ہے ۔ یہ طوفان اب کالنگاپٹنم سے 130 کیلومیٹر دور ہے اور کسی بھی وقت ساحل سے ٹکرا سکتا ہے ۔ ایسے میں تلنگانہ میں پیر کو شدید بارش کا اندیشہ ہے اور حکام نے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے ۔ محکمہ کے بموجب نظام آباد ‘ جگتیال ‘ راجنا سرسلہ ‘ محبوب آباد ‘ ورنگل اور کاماریڈی اضلاع میں آئندہ 48 گھنٹوں میں شدید سے بہت شدید یا انتہائی موسلادھار بارش ہوسکتی ہے ۔ اسی طرح حیدرآباد اور کھمم ‘ سوریہ پیٹ ‘ یادادری بھونگیر ‘ رنگا ریڈی ‘ میڑچل ملکاجگری اور وقار آباد میں بھی منگل تک شدید بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے ۔ کچھ دیگر اضلاع میں بھی بہت زیادہ موسلادھار بارش کا امکان ہے ۔