تلنگانہ میں شدید گرمی کی لہر جاری، احتیاط کیلئے حکام کا مشورہ

,

   

درجہ حرارت میں اضافہ، گرم ہوائیں، عوام پریشان،آئندہ چند دن تک راحت کا امکان نہیں
حیدرآباد۔27مئی (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں موسم گرما کی شدت اپنے عروج پر پہنچتی جا رہی ہے اور شہریوں کو کئی ایک مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے حالانکہ محکمہ موسمیات کی جانب سے انتباہ جاری کرتے ہوئے یہ کہاگیا ہے کہ آئندہ 5تا6یوم کے دوران شہر میں گرم ہواؤں کا سلسلہ جاری رہے گا اسی لئے عوام کو گھروں سے نکلنے سے اجتناب کرنا چاہئے کیونکہ گرم ہواؤں کے سبب لو لگنے کے واقعات میں اضافہ ہونے لگتا ہے اور لو لگنے سے محفوظ رہنے کیلئے لازمی ہے کہ شدید دھوپ کے وقت باہر نکلنے سے احتیاط کی جائے ۔ بتایاجاتا ہے کہ شہر حیدرآباد میں درجہ حرارت میں ریکارڈ کئے جانے والے اضافہ کے ساتھ ساتھ گرم ہوائیں بھی ریکارڈ کی جانے لگی ہیں جو کہ انسانی صحت کے لئے انتہائی مضر ہیں اور ان مضرت رساں ہواؤں سے محفوظ رہنے کیلئے لازمی ہے کہ شہر یان حیدرآباد دھوپ کے اوقات میں گھروں سے نکلنے سے اجتناب کریں ۔ ماہر اطباء کا کہناہے کہ درجہ حرارت میں اضافہ اور گرم ہواؤں کے دوران اگر ٹھنڈے مشروبات کا استعمال کیاجاتا ہے اور اس بات کی کوشش کی جاتی ہے کہ موسم گرما کے دوران قدرتی ٹھنڈے مشروبات استعمال کئے جائیں تو ایسی صور ت میں مزاج معمول کے مطابق رہنے لگتا ہے۔گرم ہواؤں سے محفوظ رہنے کیلئے لازمی ہے کہ شہریان حیدرآباد دھوپ کے اوقات میں بلا کسی اشد ضرورت کے باہر نہ نکلیں بلکہ شدید ضرورت کی صورت میں بھی جہاں تک ممکن ہوسکے دوپہر کے وقت باہر نکلنے سے احتیاط کریں اور اگر نکلنا ضروری ہوجائے تو ایسی صورت میں سر‘ گردن اور کان اور منہ ڈھانکے بغیر نکلنے سے احتیاط کریں۔ لو لگنے کے واقعات سے محفوظ رہنے کے علاوہ گرمی کی شدت و تمازت سے بچنے کیلئے ضروری ہے کہ ٹھنڈے مشروبات کے استعمال کو یقینی بنایا جائے ۔ اطباء کا کہناہے کہ گرم ہواؤں سے ہونے والے نقصانات سے نمٹنا بسا اوقات انتہائی مشکل ہوجاتا ہے اور دھوپ میں سے گھر یا کسی مقام پر پہنچتے ہی پانی کے استعمال سے گریز کرنا چاہئے اور کچھ وقفہ کے بعد ہی پانی کا استعمال کیا جانا چاہئے ۔