تلنگانہ میں صد فیصد ٹیکہ اندازی کیلئے عہدیدار متحرک ہوجائیں

   

Ferty9 Clinic

کئی ممالک میں کورونا کی دوسری شکل منظر عام پر، چیف سکریٹری کی کلکٹرس سے ویڈیو کانفرنس
حیدرآباد۔/27 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) چیف سکریٹری سومیش کمار نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ریاست میں صد فیصد کورونا ٹیکہ اندازی کے نشانہ کی تکمیل کیلئے سرگرمی کے ساتھ کام کریں۔ چیف سکریٹری نے اس سلسلہ میں ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی ہے۔ انہوں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ کلکٹرس سے بات چیت کی اور ہر ضلع میں کورونا ٹیکہ اندازی کے موقف کے بارے میں تفصیلات حاصل کی۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ ریاست میں ابھی تک 3 کروڑ کورونا ویکسین کی خوراک دی جاچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے بعض ممالک برطانیہ، روس، یوکرین، برازیل، جرمنی، نیدرلینڈ اور چین میں کورونا وائرس دوسرے روپ میں دوبارہ منظر عام پر آیا ہے اور کئی افراد کے متاثر ہونے کی اطلاع ہے۔ ریاست کے ہر گاؤں اور میونسپل وارڈ میں ٹیکہ اندازی کو تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے گاؤں اور وارڈ کی سطح پر خصوصی ٹیموں کی تشکیل کا مشورہ دیا۔ ان ٹیموں میں آشا ورکرس، آنگن واڑی ورکرس، پنچایت سکریٹریز، وی آر اے کو شامل کیا جائے۔ چیف سکریٹری نے کہاکہ ہر گاؤں میں ایک نوڈل آفیسر اور ہر منڈل کیلئے ایک خصوصی آفیسر کا تقرر کرتے ہوئے روزانہ کی اساس پر ٹیکہ اندازی میں تیزی پیدا کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ویکسین اور سرنج کی درکار مقدار میں سربراہی کو یقینی بنایا جائے۔ سومیش کمار نے کہا کہ کورونا سے بچاؤ کیلئے ویکسین کی دونوں خوراک حاصل کرنے کے علاوہ کوئی اور راستہ نہیں ہے۔ لہذا ہر شخص کو کورونا کی دونوں خوراک حاصل کرنا چاہیئے۔ ویڈیو کانفرنس میں سکریٹری پنچایت راج سندیپ کمار سلطانیہ، سکریٹری ہیلت مرتضیٰ علی رضوی، اسٹامپ اینڈ رجسٹریشن کے عہدیدار شیشادری، سکریٹری زراعت رگھونندن راؤ، کمشنر جی ایچ ایم سی لوکیش کمار، ڈائرکٹر میونسپل ایڈمنسٹریشن ڈاکٹر ستیہ نارائنا، ڈائرکٹر ایکسائیز سرفراز احمد، ڈائرکٹر پبلک ہیلت ڈاکٹر سرینواس راؤ، ڈائرکٹر میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر رمیش ریڈی اور دیگر عہدیدار شریک تھے۔ ضلع کلکٹرس نے چیف سکریٹری کو بتایا کہ ہر ضلع میں ٹیکہ اندازی خصوصی مہم جاری ہے ۔ چیف سکریٹری نے روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ روانہ کرنے کی ہدایت دی تاکہ حکومت کو مہم سے آگاہی ہو۔ر