صنعتی اداروں کے تنظیموں سے وزیر آئی ٹی ڈی سریدھر بابو کا خطاب
حیدرآباد۔10جنوری(سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت صنعت دوست پالیسی روشناس کروانے کی تیاری میں مصروف ہے۔ حکومت تلنگانہ عوام کی خواہش کے مطابق تبدیلی کی خواہاں ہے۔ ریاستی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی مسٹر ڈی سریدھر بابو نے صنعتی اداروں کی تنظیموں کے نمائندوں سے ملاقات کے دوران یہ بات کہی ۔ انہوں نے بتایا کہ چھوٹی صنعتوں کے قیام کے سلسلہ میں صنعتی اداروں اور ان کی تنظیموں کی جانب سے پیش کی جانے والی تجاویز کا جائزہ لیتے ہوئے ان پر عمل آوری کی جائے گی۔مسٹر ڈی سریدھر بابو نے بتایا کہ عوام تبدیلی کے خواہاں ہیں اور ان کی خواہشات کے مطابق حکومت تبدیلی کے عمل کو تیز کرتے ہوئے نئی صنعتی پالیسی کو پیش کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ریاستی وزیر صنعت و انفارمیشن ٹکنالوجی مسٹر ڈی سریدھر بابو نے بتایا کہ آزاد ہندستان کی تاریخ میں کانگریس پارٹی نے صنعتی اداروں سے متعلق اپنی پالیسی میں کئی تبدیلیاں لائی ہیں اور آج ریاست تلنگانہ میں بھی حکومت کی جانب سے نئی پالیسی کی تیاری وقت اور حالات کے تناظر کو ذہن میں رکھتے ہوئے کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں کئی بڑے صنعتی اداروں بلکہ پبلک سیکٹر صنعتوں کا قیام بھی کانگریس کے دور حکومت میں عمل میں لایا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ صنعتی ترقی کی پالیسی کی تیاری میں حکومت کی جانب سے صنعتی اداروں کے ذمہ داروں کے ساتھ مشاورت کی جائے گی اور پالیسی ساز فیصلہ میں انہیں بھی شامل رکھاجائے گا تاکہ صنعتی ترقی اور دوستانہ صنعتی پالیسی کی تیاری عمل میں لائی جائے۔3