12 ریاستوں میں فہرست رائے دہندگان پر نظرثانی جاری، بوتھ لیول عہدیداروں سے چیف الیکشن کمشنر کا خطاب
حیدرآباد۔ 21 ڈسمبر (سیاست نیوز) چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار نے کہا کہ تلنگانہ میں عنقریب فہرست رائے دہندگان پر خصوصی نظرثانی مہم (SIR) کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نظرثانی مہم کے ذریعہ تلنگانہ ملک کے لئے مثال بن سکتا ہے۔ گیانیش کمار نے آج حیدرآباد کے رویندر بھارتی میں بوتھ سطح کے عہدیداروں (BLOs) سے خطاب کیا اور فہرست رائے دہندگان کو درست بنانے کی اہمیت سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی 12 ریاستوں میں ایس آئی آر کا عمل کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔ انہوں نے بوتھ سطح کے عہدیداروں سے کہا کہ فہرست رائے دہندگان کی درستگی میں وہ اہم رول ادا کریں۔ گیانیش کمار نے کہا کہ فہرست رائے دہندگان کی درستگی کے ذریعہ انتخابات کے موثر انعقاد میں مدد ملے گی۔ رویندرا بھارتی میں چیف الیکٹورل آفیسر سدرشن ریڈی اور ان کی ٹیم نے اجلاس کا اہتمام کیا تھا لیکن رویندرا بھارتی کی گنجائش محض 500 نشستوں کی ہے لہذا بیشتر بی ایل اوز کو رویندرا بھارتی کے باہر ٹھہر کر سماعت کرنی پڑی۔ گیانیش کمار نے کہا کہ ایس آئی آر کے معاملہ میں تلنگانہ جلد ہی ملک کے لئے مشعل راہ ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بہار میں کامیابی کے ساتھ یہ عمل مکمل ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی عمل کی کامیابی میں بی ایل اوز کا اہم رول ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ساری دنیا کی نظریں ہندوستان میں انتخابی اصلاحات پر ٹکی ہیں اور ہر کوئی جاننا چاہتا ہے کہ انتخابی عمل کی کامیابی کس طرح ممکن ہے۔ گیانیش کمار نے کہا کہ بہار میں کسی بھی خامی یا بے قاعدگی کے بغیر ایس آئی آر کا عمل مکمل کیا گیا۔ حالیہ اسمبلی انتخابات میں 7.5 کروڑ رائے دہندوں نے اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کیا۔ گیانیش کمار نے کہا کہ بہار میں خصوصی نظرثانی مہم کے خلاف ایک بھی اپیل دائر نہیں کی گئی اور کسی بھی پولنگ اسٹیشن پر دوبارہ رائے دہی یا دوبارہ رائے شماری کی ضرورت نہیں پڑی۔ اس کامیابی کا سہرا بہار کے بی ایل اوز کے سر جاتا ہے۔ گیانیش کمار نے کہا کہ تلنگانہ رقبہ کے اعتبار سے کینیڈا سے بڑا ہے اور ایس آئی آر کی تکمیل کے بعد ریاست میں انتخابی اصلاحات کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ شہری علاقوں میں رائے دہی کی فیصد میں کمی کے لئے بی ایل اوز ذمہ دار نہیں ہیں بلکہ رائے دہی سے شہری عوام کی عدم دلچسپی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں رائے دہی کے معاملہ میں کافی جوش و خروش دیکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی عمل ملک کے قوانین کے مطابق مکمل کیا جاتا ہے۔ انتخابی قوانین پر عمل آوری ہر کسی کی ذمہ داری ہے۔ گیانیش کمار نے کہا کہ ملک کی 28 ریاستوں اور 8 مرکزی زیر انتظام علاقوں میں 90 کروڑ سے زائد رائے دہندے ہیں۔ چیف الیکٹورل آفیسر سدرشن ریڈی نے تلنگانہ میں فہرست رائے دہندگان کی تیاری کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ انہوں نے مجموعی رائے دہندوں کے علاوہ ضلع لوک سبھا اور اسمبلی حلقہ جات کی سطح پر تعداد کی تفصیلات پیش کیں۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف الیکٹورل آفیسر وینکٹیشور ریڈی، کمشنر جی ایچ ایم سی آر وی کرنن، سینئر ڈپٹی چیف الیکٹورل آفیسر پون کمار شرما، کلکٹر رنگاریڈی نارائن ریڈی اور دوسرے موجود تھے۔ 1
