ریونت ریڈی حکومت تمام محاذوں پر ناکام، عوام پریشان ‘کے ٹی آر کا الزام
حیدرآباد۔ 23 ڈسمبر (سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور ریاست میں پرجا پالنا نہیں مافیا راج چلنے کا الزام عائد کیا۔ نلگنڈہ کے بی آر ایس آفس میں بی آر ایس کے نومنتخب سرپنچس اور وارڈ ممبرس کی تہنیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے الزام عائد کیا کہ پہلے انتخابات کے وقت کالیشورم پراجکٹ کو بموں سے نشانہ بنایا گیا اور اب ریت مافیا کے فائدے کیلئے چیک ڈیمس کو جیلٹین اسٹکس سے اُڑایا جارہا ہے۔ انہوں نے ماہر آبی وسائل راجندر سنگھ کے حوالے سے کہا کہ یہ قدرتی آفات سماوی نہیں ہے بلکہ انسانوں کی پیدا کردہ تباہی ہے۔ کے ٹی آر نے ریونت ریڈی حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ کسانوں کے مفادات کو نظرانداز کرتے ہوئے ریت کے ٹھیکہ داروں کو فائدہ پہنچا رہی ہے۔ بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ نے حکومت کو چیالنج کیا کہ ہمت ہے تو ان کے (کے ٹی آر) کے خلاف راست طور پر مقدمات درج کریں۔ مقدمات درج کرنے یا گرفتار کرنے کے لنکس جاری کرتے ہوئے سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش نہ کریں۔ وزارت داخلہ کا قلمدان بھی چیف منسٹر ریونت ریڈی کے پاس ہے۔ ہمت ہے تو انہیں گرفتار کریں۔ کے ٹی آر نے الزام عائد کیا کہ کانگریس حکومت عوامی مفاد کے بجائے سیاسی انتقام لینے کے لئے صرف مقدمات اور نوٹس کے ڈرامے کررہی ہے تاکہ ریاست کے اصل مسائل سے عوام کی توجہ ہٹائی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ آبپاشی شعبہ میں چیف منسٹر کو زیرو فیصد نالج ہے۔ اس لئے اہم ترین آبپاشی پراجکٹس کی تعمیرات کو زیر التواء رکھا گیا ہے۔ کانگریس حکومت کے دو سال مکمل ہونے کے باوجود 6 ضمانتوں پر عمل نہیں کیا گیا۔ ریتو بندھو کے وعدوں کو ابھی تک پورا نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت واقعی کسانوں کے تئیں مخلص ہے تو ریاست میں کوآپریٹیو سوسائٹیز کے انتخابات فوری منعقد کرائے۔ حکومت عوامی نمائندوں کو بااختیار بنانے کے بجائے محض سیاسی ڈرامہ بازی میں مصروف ہے ۔ 2
