کے سی آر وعدوں کی تکمیل میں ناکام، ڈسمبر میں کانگریس حکومت کا قیام
حیدرآباد ۔8۔نومبر (سیاست نیوز) سابق مرکزی وزیر سلمان خورشید نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس برسر اقتدار آتے ہی 6 ضمانتوں پر عمل آوری کی جائے گی جس کے نتیجہ میں غریبوں اور کمزور طبقات کی بھلائی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سلمان خورشید نے بی آر ایس حکومت پر انتخابی وعدوں سے انحراف کا الزام عائد کیا اور کہا کہ کسی بھی شعبہ میں کے سی آر نے وعدوں کو پورا نہیں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کارکردگی سے مایوس ہوکر عوام نے تبدیلی کے حق میں فیصلہ کیا ہے اور ریاست میں کانگریس کا اقتدار یقینی ہے۔ سلمان خورشید نے کہا کہ حیدرآباد سے ان کے گہرے روابط ہیں اور جب کبھی حیدرآباد آتے ہیں تو خود کو اپنے گھر کی طرح محسوس کرتے ہیں۔ آنجہانی اندرا گاندھی اور سابق صدر کانگریس سونیا گاندھی کا بھی حیدرآباد سے گہرا تعلق رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر حکومت نے ڈبل بیڈروم کی فراہمی سے متعلق وعدے کی تکمیل نہیں کی۔جن علاقوں میں مکانات تعمیر کئے گئے ، وہ غیر معیاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ 9 ماہ میں کے سی آر حکومت نے غریبوں کے لئے ڈبل بیڈروم مکانات تعمیر نہیں کئے لیکن عالیشان سکریٹریٹ تعمیر کیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس برسر اقتدار آنے پر غریبوں کو مکانات کی فراہمی کے علاوہ مکانات کی تعمیر کیلئے پانچ لاکھ روپئے امداد دی جائے گی۔ کانگریس دور حکومت میں اندراماں ہاؤزنگ کے تحت مکانات الاٹ کئے گئے تھے جو آج بھی برقرار ہیں۔ سلمان خورشید نے کہا کہ تلنگانہ میں 65 لاکھ خاندان بے گھر ہیں جبکہ حکومت 5.72 لاکھ افراد کو مکانات کی فراہمی کا دعویٰ کرر ہی ہے۔ انہوںنے کہا کہ کالیشورم پراجکٹ کی تعمیر میں بڑے پیمانہ پر بے قاعدگیاں کی گئیں اور غیر معیاری تعمیرات کے سبب پراجکٹ کو خطرہ لاحق ہوچکا ہے۔ حکومت نے مکانات کی تعمیر کیلئے 23679 کروڑ مختص کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن صرف 380 کروڑ الاٹ کئے گئے۔ حیدرآباد میں صرف 8 علاقوں میں محدود تعداد میں مکانات تعمیر کئے گئے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اپنے بچوں کے تابناک مستقبل کیلئے کانگریس کو ووٹ دیں تاکہ ریاست میں اندراماں راج قائم ہو۔