حیدرآباد۔/18 ستمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں فرقہ وارانہ کشیدگی کے ذریعہ بی جے پی پُرامن ماحول بگاڑنے کی سازش کررہی ہے اور عوام اس سازش کو ہرگز کامیاب ہونے نہیں دیں گے۔ صدر نشین تلنگانہ حج کمیٹی جناب محمد سلیم نے تلنگانہ قومی یکجہتی کے موقع پر حج ہاوز میں قومی پرچم لہرایا۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے محمد سلیم نے کہا کہ 17 ستمبر 1948 کو حیدرآباد اسٹیٹ کے تلنگانہ میں انضمام کو قومی یکجہتی کے طور پر مناتے ہوئے کے سی آر حکومت نے عوام کو جوڑنے کی کوشش کی ہے جبکہ بی جے پی لبریشن ڈے کے نام پر سماج کو توڑنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق ریاست حیدرآباد میں جو فلاحی کام انجام دیئے گئے آج بھی وہ برقرار ہیں۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے نئی ریاست تلنگانہ کو فلاحی و ترقیاتی اسکیمات میں ملک کی نمبر ون ریاست بنادیا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بی جے پی کے ناپاک منصوبوں کے خلاف متحد رہیں۔ اس موقع پر حج کمیٹی کے اسسٹنٹ ایگزیکیٹو آفیسر عرفان شریف اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ر