تلنگانہ میں لاک ڈاؤن کی افواہ، عوام میں تشویش

   

فرضی جی او سوشیل میڈیا پر وائرل،حکومت کی وضاحت
حیدرآباد۔ ایسا لگتا ہے کہ یکم اپریل کے دن سوشیل میڈیا کے ذریعہ’اپریل فول‘ منانے کیلئے بعض افراد نے تلنگانہ میں لاک ڈاؤن کا ایک فرضی جی او وائرل کردیا جس کے بعد عوام میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ سوشیل میڈیا بالخصوص واٹس ایپ اور فیس بُک پر آج رات تیزی سے ایک جی او وائرل کردیا گیا جس میں یہ دعویٰ کیا گیا کہ ریاست تلنگانہ میں فوری اثر کے ساتھ شام 6 بجے سے صبح 8 بجے تک تجارتی ادارے اور دکانات بند رکھنے کے احکامات جاری کئے گئے اور یہ لاک ڈاؤن 30 اپریل تک جاری رہے گا۔یہ جی او وائرل ہونے کے بعد چیف سکریٹری سومیش کمار نے ایک تردیدی بیان جاری کیا جس میں کہا کہ ان کے دفتر سے لاک ڈاؤن نافذ کرنے سے متعلق کسی قسم کا بھی جی او جاری نہیں کیا گیا ہے اور سوشیل میڈیا پرجو جی او وائرل ہوا ہے وہ غلط ، بے بنیاد اور فرضی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ چیف سکریٹری کے دفتر نے فرضی جی او سوشیل میڈیا پر وائرل کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کیلئے سائبر کرائم پولیس کو حکم دیا ہے اور اس معاملہ کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔