تلنگانہ میں ماویسٹ سرگرمیوں کے خاتمہ کیلئے مرکز تعاون کیلئے تیار

   

امیت شاہ کے روبرو پاور پوائنٹ پریزنٹیشن دیا گیا، سرحدی اضلاع میں چوکسی کیلئے ڈرون کا استعمال
حیدرآباد۔/28 ستمبر، ( سیاست نیوز) مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو تیقن دیا کہ ریاست میں ماویسٹ سرگرمیوں کے خاتمہ کیلئے مرکز ہر ممکن مدد کرے گا۔ نئی دہلی میں امیت شاہ نے کے سی آر سے ملاقات کے دوران یہ تیقن دیا اور کہا کہ ماویسٹ سرگرمیوں کے مکمل خاتمہ کیلئے ریاستی حکومت کا تعاون ضروری ہے۔ اطلاعات کے مطابق مرکزی وزیر داخلہ نے کے سی آر سے ریاست کی تازہ ترین سیاسی صورتحال اور آندھرا پردیش، اوڈیشہ اور چھتیس گڑھ سے متصل اضلاع میں ماویسٹ سرگرمیوں کے احیاء پر تبادلہ خیال کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر کے ساتھ موجود تلنگانہ کے اعلیٰ پولیس عہدیداروں نے ماویسٹ سرگرمیوں کے بارے میں ایک گھنٹہ 40 منٹ طویل پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کے ذریعہ صورتحال سے واقف کرایا۔ اس موقع پر مملکتی وزیر داخلہ نتیانند رائے، سکریٹری وزارت داخلہ اجئے کمار بھلا، تلنگانہ کے انٹلیجنس چیف اروند کمار، ڈائرکٹر جنرل پولیس مہیندر ریڈی، تلنگانہ گرے ہاونڈس کے سربراہ کے سرینواس ریڈی اور بعض سی آر پی ایف عہدیدار موجود تھے۔ تلنگانہ حکومت کی جانب سے ریاست میں ماویسٹوں کی سرگرمیوں پر قابو پانے کیلئے کئے جارہے اقدامات سے واقف کرایا گیا۔ چھتیس گڑھ اور مہاراشٹرا کے سرحدی علاقوں میں چوکسی بڑھا دی گئی ہے اور ڈرون کے ذریعہ ماویسٹوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھی جارہی ہے۔ وزیر داخلہ کو بتایا گیا کہ تلنگانہ میں موجود ماویسٹوں کی اہم قیادت امکان ہے کہ دیگر ریاستوں کو منتقل ہوچکی ہے۔ وزیر داخلہ کو بتایا گیا کہ پڑوسی ریاستوں کی انٹلیجنس کے اشتراک سے ماویسٹ قائدین پر نہ صرف نظر رکھی جارہی ہے بلکہ سیکورٹی ایجنسیوں کی چوکسی کے نتیجہ میں کئی اہم قائدین نے ہتھیار ڈال دیئے ہیں۔ چیف منسٹر نے ماویسٹس سے متاثرہ علاقوں میں ترقیاتی سرگرمیوں سے وزیر داخلہ کو واقف کرایا۔ بتایا جاتا ہے کہ تلنگانہ حکومت کے پاور پوائنٹ پریزنٹیشن پر وزیر داخلہ نے اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ ماویسٹوں سے متاثرہ ریاستوں کو باہم تال میل کے ساتھ کام کرنا چاہیئے اور انٹلیجنس اطلاعات ایک دوسرے کو فراہم کی جائیں۔ر