حیدرآباد :۔ ریاست تلنگانہ میں ماہ اپریل میں کورونا وائرس سے 500 سے زائد اموات ہوئیں ۔ اس وبا کی دوسری مہلک لہر میں اس وبا کے 14 ماہ میں جمعرات کو ایک دن میں سب سے زیادہ 58 اموات ہوئیں ۔ اس کا مطلب ہے کہ چہارشنبہ کو ریاست کے مختلف دواخانوں میں ہر دو گھنٹے میں پانچ مریض فوت ہوئے ۔ تلنگانہ ہیلت ڈپارٹمنٹ کے مطابق چہارشنبہ کو کورونا وائرس کے باعث 58 لوگ فوت ہوگئے ۔ ماہ اپریل میں 28 دنوں میں کورونا وائرس کے باعث تلنگانہ میں 507 لوگ لقمہ اجل بن گئے ۔ ریاست تلنگانہ میں اس وبا کی دوسری لہر شروع ہونے کے بعد اس سے جملہ 2,208 لوگوں کی موت ہوگئی جس میں 23 فیصد اموات اپریل کے مہینہ میں ہوئیں ۔۔