جاریہ سال سے داخلے، ریاست میں سرکاری ایم بی بی ایس کی نشستیں بڑھ کر 4090 ہوگئیں
حیدرآباد۔/10 ستمبر، ( سیاست نیوز) مرکزی محکمہ صحت نے تلنگانہ میں 4 گورنمنٹ کالجس یادادری، میدک، مہیشورم اور قطب اللہ پور میں قائم کرنے کی منظوری دے دی ہے جس کا ریاستی وزیر صحت دامودھر راج نرسمہا نے خیرمقدم کیا ہے۔ ریاست میں 8 گورنمنٹ میڈیکل کالجس قائم کرنے کی حکومت نے مرکزی حکومت سے درخواست کی تھی۔ نیشنل میڈیکل کونسل نے گذشتہ ماہ ہی 4 گورنمنٹ کالجس کو منظوری دے دی تھی جس میں فی کالج کے حساب سے 50 ایم بی بی ایس کی نشستیں تھیں۔ اس طرح سرکاری میڈیکل کالجس میں 200 ایم بی بی ایس نشستوں کا اضافہ ہوا تھا۔ مزید چار گورنمنٹ میڈیکل کالجس کی منظوری کو زیر التوا رکھا تھا جس پر تلنگانہ محکمہ صحت کے حکام نے دہلی پہنچ کر نیشنل میڈیکل کونسل اور مرکزی محکمہ صحت کے عہدیداروں سے ملاقات کی اور لکچررس، عملہ، بنیادی سہولتوں کی فراہمی کی تفصیلات پیش کی جس کا جائزہ لینے کے بعد آج ماباقی 4 گورنمنٹ میڈیکل کالجس کے قیام کی منظوری دی ہے۔ اس طرح ہر کالج میں 50 نشستوں کے ساتھ مزید 200 ایم بی بی ایس نشستوں کا اضافہ ہوگیا۔ جاریہ تعلیمی سال سے ان میں داخلے دیئے جائیں گے اور تعلیم کا آغاز ہوجائیگا۔ جاریہ سال جملہ 400 ایم بی بی ایس کی نئی نشستیں دستیاب ہوگئی ہیں۔ تلنگانہ میں گورنمنٹ میڈیکل کالجس میں ایم بی بی ایس نشستوں کی تعداد بڑھ کر 4090 تک پہنچ گئی ہے۔ وزیر صحت دامودھر راج نرسمہا نے تلنگانہ کو مزید چار گورنمنٹ میڈیکل کالجس کی منظوری کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ ریاست کے طلبہ کو دوسری ریاستوں کا رُخ کرکے طبی تعلیم حاصل کرنے کی زیادہ ضرورت نہیں پڑے گی۔ اس سال گورنمنٹ میڈیکل کالجس میں ایم بی بی ایس کی 400 نشستوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔2