حمایت ساگرکے12 اور عثمان ساگر کے6 دروازوں کو کھول دیا گیا‘حسین ساگر سے بھی پانی کا اخراج
حیدرآباد۔28ستمبر(سیاست نیوز) تلنگانہ میں موسلادھار بارش کے سبب ذخائر آب
کی سطح میں زبردست اضافہ کے سبب ریاست بھر میں کئی ذخائر آب کے دروازو ںکو کھولتے ہوئے پانی خارج کیا جارہا ہے۔ حمایت ساگرکے 12 دروازو ںکو 2فیٹ تک کھول دیا گیا جبکہ عثمان ساگر(گنڈی پیٹ) کے 6 دروازو ں کو 3فیٹ تک کیلئے کھول دیا گیا ہے ۔ محکمہ آبرسانی کے عہدیداروں نے بتایا کہ حمایت ساگر کی سطح آب 1763.50 فیٹ مکمل ہونے کے بعد 12 دروازوں کو کھولتے ہوئے 7000 کیوزک پانی کے اخراج کا فیصلہ کیا گیا ہے اور حمایت ساگر میں 5000 کیوزک پانی جمع ہو رہا ہے۔ اسی طرح عثمان ساگر (گنڈی پیٹ) کی جملہ سطح آب 1790 فیٹ مکمل ہونے کے بعد6دروازوں کو تین فیٹ تک کھولتے ہوئے 1360 کیوزک پانی کے اخراج کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ دونوں ذخائرآب سے مسلسل پانی کے اخراج کے سبب موسیٰ ندی انتہائی خوبصورت انداز میں بہہ رہی ہے اور ندی میں صاف و شفاف پانی نظر آنے لگا ہے۔ محکمہ آبرسانی اور محکمہ مال کے عہدیدارو ںکی جانب سے رود موسیٰ کے کناروں پر آباد بستیوں اور آبادیوں کے علاوہ نالوں کے قریب رہنے والوں کے لئے دوسرے درجہ کی چوکسی کے لئے انتباہ جاری کردیا گیا ہے اور شہریوں کو ندی میں نہ اترنے کی تاکید کی گئی ہے ۔ شہر حیدرآباد کے دونوں ذخائر آب کے علاوہ حسین ساگر بھی مکمل طور پر لبریز ہوچکا ہے جہاں سے پانی کے اخراج کی اطلاع ہے ۔ چادرگھاٹ برج سے متصل برج کے علاوہ موسیٰ رام باغ برج پر ٹریفک کی آمد و رفت کو روک گیا ہے کیونکہ بارش کے باعث برج زیر آب آجاتے ہیں اور شنکر نگر‘ موسیٰ نگر کے علاوہ دیگر بستیوں میں ہائی الرٹ جاری کیا جاچکا ہے۔ علاوہ ازیں پدا پلی کے پاروتی بیارج ‘ ضلع جئے شنکر بھوپل پلی کے میدی گڈہ بیارج ‘نرمل میں واقع گڈننا واگو پراجکٹ کے دروازو ںکو کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نللگنڈہ میں واقع ناگرجنا ساگر کے 2دروازے کھولے گئے ہیں ۔کمرم بھیم پراجکٹ کے 5دروازے کھولے گئے ہیں ۔ نظام ساگر پراجکٹ کے 9دروازے کھول دیئے گئے ہیں ۔ نلگنڈہ میں واقع موسی پراجکٹ کے 6دروازو ںکو کھول دیا گیا ہے۔م