آندھراپردیش میں بھی برطانیہ سے واپس ایک فرد نئے وائرس کا شکار
حیدرآباد: تلنگانہ کے ضلع ورنگل میں کورونا کی نئی شکل کا معاملہ درج ہونے کی اطلاع ہے ۔ذرائع کے مطابق 49سالہ شخص جو برطانیہ سے ضلع پہنچا تھا کا جاریہ ماہ کی 22تاریخ کو کورونا کامعائنہ کروایاگیا اور اس کو ایک پرائیویٹ اسپتال میں داخل کروایا گیا۔ اس کی ماں بھی اس وائرس سے مثبت پائی گئی۔ان کے نمونے سی سی ایم بی بھیجے گئے تھے ۔ذرائع نے کہا کہ خون کے نمونوں میں کورونا وائرس کی نئی شکل پائی گئی ۔مرکزی حکومت نے کورونا کی نئی شکل کے بارے میں دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ اور اے پی کو چوکس کردیا ہے اور ان حکومتوں سے خواہش کی ہے کہ وہ احتیاطی اقدامات کریں۔ تفصیلات کے مطابق اس انکشاف سیتلنگانہ میں نیا کورونا وائرس داخل ہوگیا ہے ۔ سی سی ایم بی کے سائنسدانوں نے ورنگل کے شخص کے برطانیہ میں شروع ہونے والے نئی شکل کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی نشاندہی کی ہے ۔ محکمہ صحت کے عہدیداروں نے بھی اس معاملے کی تصدیق کی ہے اور مرکزی حکومت کی جانب سے اس کا اعلان کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق یہ شخص، جو نئی شکل کے کورونا کا شکار ہوا ہے ، ڈسمبر کے دوسرے ہفتے میں برطانیہ سے ورنگل پہنچا تھا اور 24 ڈسمبر کو اس کا معائنہ کیا گیا۔ کورونا مثبت ہونے کی وجہ سے جنین کے نمونے سی سی ایم بی کو بھیجے گئے تھے ۔ سی سی ایم بی کے سائنس دانوں نے یہ انکشاف کیا کہ یہ شخص برطانیہ میں تیزی سے پھیلنے والے نئی شکل کے کورونا سے متاثر ہوا ہے معلوم ہوا ہے کہ اس شخص کے نمونے پونے میں ویرولوجی لیب کو بھیجے گئے ۔اس کی ماں بھی کورونا سے متاثر ہوئی ہے تاہم یہ عام شکل کا وائرس ہے ۔سی سی ایم بی کے مطابق تلنگانہ کا ایک شخص اور اے پی کا ایک شخص اس کورونا کی نئی شکل سے متاثر ہوئے ہیں۔وزارت صحت کے مطابق، ان متاثرین کو متعلقہ حکومتوں کی جانب سے بنائے گئے نگہداشت صحت کے مراکز میں الگ تھلگ رکھاگیا ہے جہاں ان کا علاج کیاجارہا ہے ۔ ان کے قریبی رشتہ داروں کو بھی قرنطینہ میں رکھاگیا ہے ۔ساتھ ہی ان کے ساتھ سفر کرنے والے افراد کا بھی پتہ چلانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔وزارت نے کہا کہ صورتحال قابو میں ہے اور ریاستوں کو نگرانی میں اضافہ، وبا کی روک تھام، معائنے کروانے اور نمونے آئی این ایس اے سی اوجی لیب کو بھیجنے کے معمول کے مشورے دیئے گئے ہیں۔حکام نے کورونا وائرس کی امکانی نئی شکل سے نمٹنے کے لئے ریاست کے 5 اضلاع کے 12 دواخانوں میں اسپیشل وارڈس قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ علاج کے لئے پروٹوکول وہی ہوگا جو کورونا وائرس کے لئے مقرر کیا گیا تھا۔
