تلنگانہ میں ٹیچرس کی ترقیوں کا عمل بحال، آپشنس کا آغاز

   

ہائیکورٹ نے پابندی ختم کردی، 3867 اساتذہ مستفید ہوں گے

حیدرآباد 21 اگست (سیاست نیوز) ہائیکورٹ کی جانب سے پابندی ختم کئے جانے کے بعد ریاست میں ٹیچرس کی ترقیوں کا عمل دوبارہ شروع ہوا ہے۔ چند اساتذہ کی جانب سے سینیاریٹی کے تنازعہ پر دائر کردہ مقدمہ کے بعد عدالت نے ترقیوں پر عارضی روک لگادی تھی۔ مقدمہ کی سماعت کے بعد ہائیکورٹ نے پابندی ہٹادی جس کے بعد اسکول ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ نے چہارشنبہ کی رات سے اسکول اسسٹنٹس کیلئے ویب آپشن رجسٹریشن کرنے کا آغاز کیا ہے تاکہ انھیں گزیٹیڈ ہیڈ ماسٹر (GHM) کے طور پر ترقی دی جاسکے۔ اہل اسکول اسسٹنٹ ٹیچرس کو جمعرات کی صبح 9 بجے سے آپشن کا اندراج کرانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق ملٹی زون I میں 491 اور ملٹی زون II میں 411 اساتذہ کو ترقی دی جائے گی۔ اس طرح جملہ 902 اساتذہ گزیٹیڈ ہیڈ ماسٹرس کے عہدوں پر فائز ہوں گے۔ اس کے علاوہ ریاست بھر میں 2,324 ایس جی ٹیز (SGTs) کو اسکول اسسٹنٹ کے طور پر ترقی ملے گی جبکہ 641 ایس جی ٹیز کو پرائمری اسکول ہیڈ ماسٹر (PSHMs) بنایا جائے گا۔ ترقی کے اس عمل سے 3867 ٹیچرس مستفید ہوں گے۔ ٹیچرس کی تنظیموں کے قائدین نے ترقیوں کا عمل بحال ہونے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ اس سے نہ صرف اساتذہ کی حوصلہ افزائی ہوگی بلکہ اسکولس میں انتظامی و تعلیمی نظام مزید مستحکم ہوگا۔2