تلنگانہ میں پام آئیل کی کاشت اور زرعی سرگرمیوں کا فروغ

   

ملیشیاء کی مہاتر محمد حکومت کے اقدامات کی طرز پر عمل کرنے کے اقدامات
حیدرآباد۔15جولائی (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ کی جانب سے ملیشیاء کے طرز پر ریاست میں پام آئیل کی کاشت اور زرعی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں تاکہ پام آئیل کی صنعت کو ریاست میں فروغ دیا جاسکے۔ملیشیاء میں مہاتر محمد کے دور حکومت میں پام آئیل کی صنعت کی ترقی کیلئے جو اقدامات کئے گئے تھے اسی طرز پر ریاستی حکومت کی جانب سے تلنگانہ میں قابل کاشت اراضیات کو پام آئیل کی پیداوار کے لئے استعمال کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے اورحکومت نے ریاست میں کاشتکاری اور زرعی سرگرمیوں کو منافع بخش بنانے کی جو پالیسی تیار کی ہے اسے ریاستی کابینہ کی منظوری حاصل ہونے لگی ہے۔بتایاجاتا ہے کہ حکومت کی جانب سے پام آئیل کی کاشت میں بہتر ی لانے کے اقدامات کے تحت چیف منسٹر نے جس منصوبہ کو منظوری دی ہے اس کے مطابق ریاستی وفد جلد ہی ملیشیاء ‘ انڈونیشیاء اور تھائی لینڈ کا دورہ کرتے ہوئے پام آئیل کے درختوں کی پیداوار اور استعمال کی جانے والی تکنیک کا جائزہ لیں گے ۔حکومت نے جو منصوبہ تیار کیا ہے اس کے مطابق ریاست میں 20لاکھ ایکڑ اراضی میں سال 2022-23 کے دوران پام آئیل کی پیداوار کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے اور پام آئیل کے تخم کی سربراہی کے علاوہ زراعت کی نگرانی کے اصولوں کا تعین عمل میں لایا جائے گا۔ریاستی کابینہ نے پام آئیل کے تخم کی پیداوار اور کاشت کے لئے فی ایکڑ 26ہزار روپئے سبسیڈی کی فراہمی کا فیصلہ کیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ پہلے سال 26ہزار کی سبسیڈی کے علاوہ دوسرے اور تیسرے سال 5ہزار روپئے فی ایکڑ سبسیڈی فراہم کی جائے گی۔ذرائع کے مطابق ریاستی حکومت کی جانب سے پام آئیل کی صنعت کو فروغ دینے کے مقصد سے یہ اقدامات کئے جا رہے ہیں اور کسانوں کو سبسیڈی کی فراہمی کا مقصد کسانوں کی جانب سے پام آئیل کے تخم کی پیداوار میں دلچسپی کے علاوہ اپنی زراعت کو پام آئیل کی پیداوار میں منتقل کریں۔ کابینہ نے تلنگانہ میں فوڈ پروسسنگ صنعت کو فروغ دینے کے لئے تلنگانہ اسٹیٹ انڈسٹریل انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی نگرانی میں فوڈ پروسسنگ زونس کی تیاری کو بھی منظوری دے دی ہے ۔بتایاجاتا ہے کہ ریاستی حکومت نے فوڈ پروسسنگ صنعت کے بہتر مستقبل کو یقینی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔