تلنگانہ میں کانگریس امیدواروں کے انتخاب میں سروے کی ہدایت

   

انچارجس ، سابق ارکان پارلیمان کے ساتھ ملاقات کیلئے پرینکا گاندھی کا منصوبہ
حیدرآباد۔21۔مئی ۔ (سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اسمبلی انتخابات میں امیدواروں کے انتخاب کے طریقہ کار میں تبدیلی لاتے ہوئے ان امیدواروں کو ٹکٹ دینے کے سلسلہ میں اقدامات کرے گی جن کی کامیابی کے امکانات زیادہ ہیں۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی نے تلنگانہ امور کے متعلق آگہی حاصل کرنے کے علاوہ امیدواروں کے انتخاب کے لئے سروے کا عمل شروع کرنے کی ہدایت دے دی ہے ۔ ذرائع کے مطابق مسز پرینکا گاندھی انتخابی حکمت عملی تیار کرنے والے سنیل کنوگلو کے ہمراہ اس سلسلہ میں متعدد مرتبہ ملاقات کرتے ہوئے انہیں اپنی رائے اور طریقہ کار کے متعلق واقف کروادیا ہے اور ان سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ تلنگانہ کے تمام حلقہ جات اسمبلی میں امیدواروں کے انتخاب کے لئے سروے کا آغاز کریں جو کہ حلقہ اسمبلی میں کم از کم 2فیصد رائے دہندوں کے مشتمل ہو جو کہ مختلف طبقات جیسے تاجرین‘ مختلف عمر کے حامل رائے دہندوں ‘ مختلف مذاہب و مختلف طبقات کے ماننے والے ہوں ان سے رائے حاصل کی جائے۔ کانگریس میں عام طور پر بااثر افراد ٹکٹ حاصل کرنے کے علاوہ جو قائدین اپنے حق میں لابی کروانے میں کامیاب ہوتے ہیں انہیں ٹکٹ حاصل ہوا کرتا تھا لیکن اب اس طریقہ کار کو پرینکا گاندھی نے تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ ماہ جون سے امیدواروں کے انتخاب کے سلسلہ میں سروے شروع کرنے کے ساتھ ساتھ خود پرینکا گاندھی تمام حلقہ جات اسمبلی کے انچارجس اور کانگریس کی محاذی تنظیموں کے ذمہ داروں کے ہمراہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے انہیں زمینی حقائق کے متعلق آگہی حاصل کرنے کا منصوبہ تیار کرچکی ہیں اور جون سے شروع ہونے والے سروے کے بعد ماہ اگسٹ کے اواخر یا ستمبر میں 60فیصد امیدواروں کا سروے کی بنیاد پر اعلان کردیا جائے گا جبکہ مابقی امیدواروں کا اکٹوبر میں اعلان کئے جانے کا امکان ہے تاکہ اگر امیدوار کے انتخاب میں ناانصافی کے نام پر اختلافات پیدا ہوتے ہیں تو ان کے درمیان مفاہمت کروانے کے لئے وقت رہے۔ پرینکا گاندھی نے سنیل کنوگلو کے ساتھ جو منصوبہ تیار کیا ہے اس کے مطابق وہ آئندہ ماہ کے اوائل میں تلنگانہ قائدین کے ہمراہ ملاقات کرتے ہوئے اپنے منصوبہ پر تبادلہ خیال کریں گی۔ ذرائع کے مطابق پرینکا گاندھی نے واضح کردیا ہے کہ کانگریس پارٹی تلنگانہ میں بھارت راشٹرسمیتی اور ملک بھر میں بھارتیہ جنتاپارٹی کے خلاف مستحکم امیدواروں کو میدان میں اتارتے ہوئے ان کی حکمرانی کے خاتمہ کو یقینی بنائے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ پرینکا گاندھی نے تلنگانہ کے حلقہ جات اسمبلی کے انچارجس کے علاوہ سابق میں انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں اور سرکردہ قائدین سے ملاقاتوں کے آغاز کے ساتھ ساتھ پارلیمانی حلقہ جات کے انچارجس اور سابق ارکان پارلیمان و امیدواروں کے ساتھ بھی ملاقاتوں کا شیڈول تیار کرچکی ہیں تاکہ تلنگانہ میں پارٹی کو مستحکم کرنے کے اقدامات کئے جاسکیں۔ ذرائع کے مطابق پرینکا گاندھی نے تلنگانہ میں تمام حلقہ جات اسمبلی میں عوام تک رسائی اور عوامی ضرورتوں کو پورا کرنے اور ان کے مسائل کے حل کے لئے بھی سروے کرواتے ہوئے ان امور کے متعلق آگہی حاصل کریں گی۔ بتایاجاتا ہے کہ پرینکا گاندھی نے تلنگانہ پارٹی قائدین پر یہ بات واضح کردی ہے کہ پارٹی آئندہ اسمبلی انتخابات میں روایتی انداز سے امیدواروں کا انتخاب نہیں کرے گی بلکہ ان کی کارکردگی ‘ عوامی مقبولیت اور کامیابی کے امکانات کا جائزہ لینے کے بعد ہی امیدواروںکو قطعیت دے گی۔ م