تلنگانہ میں کانگریس حکومت آئندہ دس سال تک برقرار رہے گی

   

ریاست کے 15 ہزار 750 منتخب کانسٹبلس کو تقرر نامہ کی پیشکشی تقریب ، چیف منسٹر ریونت ریڈی کا خطاب
حیدرآباد۔14فروری(سیاست نیوز) تلنگانہ میں کانگریس آئندہ 10 سال تک اقتدار میں رہے گی اور میں چیف منسٹر برقرار رہوں گا۔چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے ریاست تلنگانہ میں 15ہزار750 پولیس کانسٹبلس کے تقررنامہ حوالہ کرنے کی تقریب سے خطاب کے دوران یہ دعویٰ کیا اور کہا کہ ریاست کے عوام نے گدھوں کو شکست دیتے ہوئے ریس میں دوڑنے اور کامیاب ہونے والے گھوڑوں کو کامیاب کیا ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ تشکیل تلنگانہ کے بعد سے بی آر ایس حکومت نے ریاست کے نوجوانوں کو نظرانداز کیا اور کے سی آر نے اپنے افراد خاندان کو عہدے دئے جبکہ علحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل نوجوانوں کی جدوجہد اور قربانیوں کے نتیجہ میں عمل میں لائی گئی تھی۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ تشکیل تلنگانہ کے بعد ریاستی حکومت نے نوجوانوں کو ہی نظرانداز کردیا۔ انہو ںنے بتایا کہ آج انہیں جو خوشی ہو رہی ہے وہ ایسی ہی ہے جب وہ لعل بہادر اسٹیڈیم میں چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف لے رہے تھے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ تلنگانہ کے نوجوانوں کو سرکاری ملازمتوں کی فراہمی کے سلسلہ میں ان کی حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات سے بی آر ایس قائدین کے پیٹ میں تکلیف ہونے لگی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اپریل 2022 میں اعلامیہ کے متعلق جو بات کی جا رہی ہے اگر اعلامیہ جاری کیا گیا تھا تو 22ماہ تک تقررات کیوں نہیں کئے گئے تھے!چیف منسٹر نے کہا کہ تلنگانہ میں بی آر ایس نے اقتدار حاصل کرنے کے بعد تلنگانہ تحریک کے جہدکاروں کو نظرانداز کردیا اور نوجوانوں کو ملازمتوں کی فراہمی کے بجائے مسائل کو عدالتوں میں الجھائے رکھتے ہوئے ملازمتوں سے محروم کیا گیا ۔ مسٹر اے ریونت ریڈی نے کہا کہ ریاستی حکومت تلنگانہ نے انتخابات سے قبل عوام سے جو وعدہ کیا تھا کہ سرکاری ملازمتوں کی فراہمی کے اقدامات کئے جائیں گے اس پر عمل آوری کرتے ہوئے اقتدار میں آتے ہی تقررات کا عمل شروع کرچکی ہے۔ انہو ںنے بی آر ایس حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کے سی آر نے اپنے دور اقتدار میں نوجوانوں کو ملازمتوں کی فراہمی تو دور تقررات کے لئے کامیابی کے ساتھ امتحانات کا انعقاد تک نہیں کرپائی ۔ مسٹر اے ریونت ریڈی نے تقرر نامہ حاصل کرنے والے کانسٹیبلس کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ فرض شناس عہدیداروں کی طرح اپنی ملازمت کے دوران فرائض انجام دیتے ہوئے مثال قائم کریں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست تلنگانہ کے عوام میں گذشتہ 70 یوم کے دوران جو خوشی کی لہر پیدا ہوئی ہے اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ 10 سال جو لوگ اقتدار میں رہے ہیں وہ ابھی سے حکومت کو نشانہ بنانے لگے ہیں کیونکہ حکومت کامیابی کے ساتھ ریاست کے عوام میں خوشیاں بانٹ رہی ہے۔ انہو ںنے تقریب میں موجود افراد سے کہا کہ وہ تقررناموں کے حصول کی جس طرح سے خوشی محسوس کر رہے ہیں اسی طرح کے ان کے افراد خاندان اور دوست و احباب میں بھی خوشیاں پائی جارہی ہیں۔3