تلنگانہ میں کانگریس قائدین کے اتحادسے اقتدار ممکن: پرینکا گاندھی

   

متحدہ مساعی کا مشورہ، بیروزگار نوجوانوں کے جلسہ عام کی کامیابی سے قائدین کے حوصلے بلند
حیدرآباد۔/9 مئی، ( سیاست نیوز) جنرل سکریٹری اے آئی سی سی پرینکا گاندھی کے کامیاب دورہ حیدرآباد پر کانگریس قائدین اور کیڈر کے حوصلے بلند ہوچکے ہیں۔ سرور نگر اسٹیڈیم میں بیروزگار نوجوانوں کے یووا سنگھرشنا سبھا کی کامیابی کے بعد صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے اسمبلی انتخابات کی حکمت عملی پر مذاکرات شروع کردیئے ہیں۔ کئی سینئر قائدین نے ریونت ریڈی کو جلسہ عام کی کامیابی اور یوتھ ڈیکلریشن کی اجرائی پر مبارکباد پیش کی۔ بتایا جاتا ہے کہ پرینکا گاندھی نے جلسہ عام میں عوام کی بڑی تعداد میں شرکت اور قائدین کے باہمی اتحاد کے مظاہرے پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے انتخابات کا متحدہ طور پر سامنا کرنے کی ہدایت دی اور تیقن دیا کہ وہ عوامی مسائل پر عام جلسوں میں آئندہ بھی شرکت کریں گی۔ حیدرآباد سے نئی دہلی واپسی سے قبل پرینکا گاندھی نے ریاست کی تازہ ترین صورتحال پر سینئر قائدین سے تبادلہ خیال کیا۔ سونیا گاندھی نے مشورہ دیا کہ پارٹی قائدین عوام کے درمیان اتحاد کا مظاہرہ کریں جو انتخابی کامیابی کی اہم کلید ثابت ہوسکتی ہے۔ انہوں نے سابقہ تجربات کو دہرائے جانے کے بجائے کانگریس کی اقتدار میں واپسی کے مشن پر متحدہ طور پر عمل آوری پر زور دیا۔ پرینکا گاندھی کو بتایا گیا کہ کسانوں، پسماندہ طبقات اور دلتوں کے مسائل پر عام جلسوں کے انعقاد کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ پرینکا گاندھی سے تلنگانہ کی سیاست پر توجہ مرکوز کرنے اور جلسوں میں شرکت کی درخواست کی گئی۔ واضح رہے کہ کرناٹک کے بعد صدر کانگریس ملکارجن کھرگے اور راہول گاندھی نے پرینکا گاندھی کو تلنگانہ کے اُمور پر توجہ دینے کا مشورہ دیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ پرینکا گاندھی عنقریب دہلی میں تلنگانہ کے سینئر قائدین کو طلب کرتے ہوئے اسمبلی انتخابات کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کریں گی۔ نوجوانوں اور طلباء کی تائید حاصل کرنے کیلئے جاری کردہ یوتھ ڈیکلریشن کو بھی سونیا گاندھی نے سراہا۔ ڈیکلریشن میں ایس سی، ایس ٹی اور بی سی بیاک لاگ پوسٹ کا ذکر کیا گیا تھا تاہم سینئر قائد محمد علی شبیر نے اقلیتوں کے بیاک لاگ پوسٹ کو شامل کرنے کا مشورہ دیا جسے قبول کرلیا گیا۔ اسی طرح فیس ری ایمبرسمنٹ کے معاملہ میں پارٹی نے ایس سی، ایس ٹی، بی سی کے ساتھ اقلیت کو بھی شامل کیا۔ اسی دوران اے آئی سی سی سکریٹریز ندیم جاوید، روہت چودھری کے علاوہ سینئر قائدین ملو روی، نریندر ریڈی، روہت ریڈی اور دوسروں نے ریونت ریڈی سے ان کی قیامگاہ پر ملاقات کی اور جلسہ عام کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔ اے آئی سی سکریٹریز نے ریاست کے دیگر اضلاع میں بھی عوامی اجتماعات منعقد کرنے کا مشورہ دیا۔ر