کے سی آر کی ناکامیوں کو بے نقاب کرنے کا فیصلہ، کانگریس کی تشہیری کمیٹی کا اجلاس، مانک راؤ ٹھاکرے کا خطاب
حیدرآباد ۔4۔ اگست (سیاست نیوز) پردیش کانگریس کمیٹی کی تشہیری کمیٹی کا پہلا اجلاس آج اندرا بھون میں کمیٹی کے صدرنشین مدھو یاشکی گوڑ کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اے آئی سی سی انچارج مانک راؤ ٹھاکرے ، اے آئی سی سی سکریٹریز روہت چودھری ، منصور علی خاں ، ورکنگ پریسیڈنٹ مہیش کمار گوڑ ، انجن کمار یادو ، کمیٹی کے نائب صدرنشین پی سرینواس ریڈی ، کنوینر کمیٹی عظمت اللہ حسینی ، سابق وزیر محمد علی شبیر ، سابق رکن پارلیمنٹ محمد اظہر الدین ، وی ہنمنت راؤ ، پونالہ لکشمیا ، ڈاکٹر ملو روی اور دیگر قائدین نے شرکت کی۔ اجلاس میں اسمبلی انتخابات میں تشہیری کمیٹی کی ذمہ داریوں پر غور کیا گیا ۔ پی سرینواس ریڈی نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں کانگریس کی کامیابی یقینی ہے۔ 100 دن بعد تلنگانہ میں کانگریس کی حکومت رہے گی۔ عوام ترقی اور بھلائی کے پروگراموں کے احیاء کے لئے کانگریس کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی برسر اقتدار آتے ہی عوام سے کئے گئے وعدوں پر فی الفور عمل آوری کا آغاز کرے گی۔ مانک راؤ ٹھاکرے نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ آپسی اختلافات فراموش کرتے ہوئے متحدہ طور پر پارٹی کی کامیابی کے لئے کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی نے تجربہ کار قائد مدھو یاشکی کو کمیٹی کی صدارت سونپی ہے۔ کھمم میں راہول گاندھی کے جلسہ عام کے بعد تلنگانہ میں سیاسی صورتحال تبدیل ہوگئی ۔ انہوں نے کہا کہ ہر کارکن کو پارٹی کی کامیابی کیلئے جدوجہد کرنی چاہئے۔ مانک راؤ ٹھاکرے نے کہا کہ بی جے پی اور بی آر ایس دونوں ایک ہیں اور متحدہ طور پر کانگریس کے خلاف مہم چلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی حلقہ جات کی سطح پر حکمت عملی تیار کرتے ہوئے حکومت کی بے قاعدگیوں اور ناکامیوں سے عوام کو واقف کرایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی محاذی تنظیموں کو ابھی سے متحرک ہونا چاہئے ۔ راہول گاندھی نے نوجوانوں کے لئے یوتھ ڈکلیریشن جاری کیا ہے ۔ پارٹی کی جانب سے مختلف طبقات سے کئے گئے وعدوں کو عوام تک پہنچانے کیلئے کارکنوں کو متحرک ہونا چاہئے۔