تلنگانہ میں کانگریس کے استحکام کیلئے قائدین سے مشاورت پر روز

   

دامودر راج نرسمہا کی ہنمنت راو سے ملاقات، ہائی کمان سے نمائندگی
حیدرآباد: تلنگانہ میں کانگریس پارٹی کے استحکام کے لئے کور کمیٹی کا اجلاس طلب کرنے ہائی کمان پر دباؤ میں اضافہ ہورہا ہے۔ سابق صدر پردیش کانگریس وی ہنمنت راؤ کے بعد سابق ڈپٹی چیف منسٹر دامودر راج نرسمہا نے جنرل سکریٹری انچارج تلنگانہ آر سی کنتیا سے اپیل کی کہ کور کمیٹی کا اجلاس جلد سے جلد طلب کریں۔ دامودر راج نرسمہا نے آج ہنمنت راؤ سے ان کی قیامگاہ واقع عنبرپیٹ میں ملاقات کی ۔ ریاست میں کانگریس کی صورتحال اور تازہ ترین سیاسی حالات پر دونوں قائدین نے تبادلہ خیال کیا۔ قائدین نے کہاکہ تلنگانہ میں کانگریس کے موقف کو بہتر بنانے کیلئے کور کمیٹی اجلاس کے ذریعہ سینئر قائدین کی رائے حاصل کی جائے۔ اسمبلی اور لوک سبھا انتخابات کے بعد سے ایک مرتبہ بھی اجلاس طلب نہیں کیا گیا۔ ریاست میں کورونا کی صورتحال اور غریب اور متوسط طبقات کو علاج کی فراہمی میں حکومت کی ناکامی پر بھی تنقید کی گئی۔ پارٹی کے اندرونی امور پر مباحث کے لئے کور کمیٹی کا اجلاس ضروری ہے۔ ہنمنت راؤ نے اس سلسلہ میں پارٹی ہائی کمان سے نمائندگی کی ہے۔ دامودر راج نرسمہا نے کہا کہ وہ بھی جنرل سکریٹری آر سی کنتیا کے علاوہ سکریٹری بوس راج اور دیگر انچارج قائدین سے بات چیت کرتے ہوئے اجلاس کی طلبی کا مطالبہ کریں گے۔ تلنگانہ کے بی سی ، ایس سی اور ایس ٹی قائدین پردیش کانگریس کی صدارت پر اعلیٰ طبقات سے تعلق رکھنے والے قائد کے بجائے کمزور طبقات کو ذمہ داری دینے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔