تلنگانہ میں کانگریس کے اقتدار کے لیے قائدین متحد رہیں

,

   

نئے انچارج جنرل سکریٹری مانکیم ٹائیگور کا مشورہ، کور کمیٹی قائدین سے آن لائین اجلاس
حیدرآباد: تلنگانہ کانگریس کے نئے انچارج جنرل سکریٹری مانکیم ٹائیگور نے پارٹی قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ متحدہ طور پر مجوزہ بلدی انتخابات کا سامنا کریں ۔ اس کے علاوہ دوباک اسمبلی کے ضمنی چناؤ میں ٹی آر ایس سے مقابلہ کی تیاری ابھی سے شروع کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں کانگریس کو دوبارہ برسر اقتدار لانے کے مشن کے ساتھ قائدین کو متحدہ کام کرنا چاہئے ۔ انچارج جنرل سکریٹری نے آج زوم ایپ کے ذریعہ کور کمیٹی ارکان اور سینئر قائدین سے دو گھنٹوں تک تبادلہ خیال کیا ۔ تلنگانہ کا انچارج مقرر کئے جانے کے بعد یہ ان کا پہلا مشاورتی سیشن رہا۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے کور کمیٹی ارکان کا تعارف کرایا ۔ زوم اجلاس میں سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا ، ارکان پارلیمنٹ ریونت ریڈی ، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی ، اے آئی سی سی سکریٹریز بوس راج ، سرینواس کرشنن ، ورکنگ پریسیڈنٹ پونم پربھاکر ، کسم کمار ، سابق سی ایل پی لیڈرس جانا ریڈی ، محمد علی شبیر ، سابق صدور پردیش کانگریس پنالہ لکشمیا ، وی ہنمنت راؤ، سابق ڈپٹی چیف منسٹر دامودر راج نرسمہا ، ایم ایل سی جیون ریڈی ، ارکان اسمبلی سریدھر بابو ، سیتکا، جگا ریڈی ، سابق وزیر جی چنا ریڈی ، مدھو یاشکی گوڑ ، ومشی چند ریڈی، سمپت کمار اور دیگر قائدین نے شرکت کی ۔ اتم کمار ریڈی نے اس موقع پر مانکیم ٹائیگور کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ وہ پارٹی تنظیم کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں ۔ دو مرتبہ پارلیمنٹ کے لئے منتخب ہوچکے ہیں۔ اجلاس میں دوباک کے ضمنی چناؤ کے علاوہ گریٹر حیدرآباد ، ورنگل اور کھمم میونسپل کارپوریشنوں کے انتخابار اور گریجویٹ زمرہ کی ایم ایل سی نشستوں کے انتخابات کا جائزہ لیا گیا ۔ انچارج جنرل سکریٹری نے کہا کہ کانگریس نے علحدہ تلنگانہ ریاست قائم کی ہے ۔ ریاست میں پارٹی کا تنظیم موقف مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔ اس سلسلہ میں تمام قائدین کو تعاون کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ ٹیم کی طرح متحدہ کام کرنے کی صورت میں کامیابی ممکن ہے ۔ تلنگانہ میں کانگریس کے مضبوط قائدین کی کمی نہیں ہے۔ سونیا گاندھی نے تلنگانہ تشکیل دیا اور انہیں تلنگانہ میں اقتدار حوالے کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ انہوں نے دوباک اسمبلی حلقوں کے لئے پارٹی امیدوار کے نام کا جلد اعلان کرنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد گریٹر حیدرآباد ورنگل ، کھمم میں بوتھ اور بلاک سطح کی کمیٹیٹی کا تقرر کیا جائے ۔ انہوں نے پارٹی میں ڈسپلن کی برقراری کو ناگزیر قرار دیا ۔ انہوں نے ہر 15 دن میں کور کمیٹی کا اجلاس منعقد کیا جائے گا ۔ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا اور دیگر قائدین نے تجاویز پیش کیں۔