تلنگانہ میں کورونا سے صحتیاب افراد کی تعداد 2 لاکھ 80 ہزار

   

Ferty9 Clinic

24 گھنٹوں میں394 نئے کیس رپورٹ ہوئے ، 3 اموات
حیدرآباد۔ تلنگانہ میں کورونا صورتحال میں کافی بہتری آئی ہے ۔ محکمہ صحت نے دعویٰ کیا کہ ریاست میں کورونا سے صحت یاب افراد کی تعداد 2 لاکھ 80 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ مجموعی پازیٹیو کیس 2 لاکھ 87 ہزار 502 ریکارڈ ہوئے ۔ گذشتہ 24 گھنٹوں میں 394 نئے کیس درج ہوئے اور 574 مریض صحت یاب ہوئے۔ ریاست میں مریضوں سے زیادہ صحت یاب افراد کی تعداد ہے جو ریکوری شرح میں بہتری کا اشارہ ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق تلنگانہ میں ریکوری کی شرح 97.58 فیصد ہے۔ 5388 ایکٹیو کیس درج کئے گئے جن میں 3210 ہوم آئسولیشن کے تحت زیر علاج ہیں۔ گذشتہ 24 گھنٹوں میں تین اموات ہوئیں ۔ اموات کی جملہ تعداد 1549 ہوچکی ہے۔ جمعہ اور ہفتہ کے درمیان 40190 ٹسٹ کئے گئے جن میں سے 36875 سرکاری لیاب اور 3315 خانگی لیباریٹریز میں کئے گئے۔ ریاست میں 18 سرکاری اور 56 خانگی لیباریٹریز میں کورونا کا ٹسٹ کیا جارہا ہے۔ 1076 ریاپڈ انٹیجن ٹسٹ مراکز قائم ہیں۔ گریٹر حیدرآباد میں 81 نئے کیس درج کئے گئے۔ ہفتہ میں یہ پانچویں مرتبہ ہے جب گریٹر حیدرآباد میں کیسوں کی تعداد 100 سے کم رہی ۔ رنگاریڈی میں 36 جبکہ ملکاجگیری 29 ، کریم نگر 29 ، ورنگل ( اربن ) 16، کتہ گوڑم 15 کیس درج ہوئے ۔ دیگر اضلاع میں نئے کیس 10سے کم ہیں۔ سرکاری اور خانگی دواخانوں میں 90 فیصد سے زائد کورونا بیڈس خالی ہیں۔ 61 سرکاری دواخانوں میں 8577 کے منجملہ 7779 کورونا بستر خالی ہیں۔ 798 مریض دواخانوں میں زیر علاج ہیں۔ 219 خانگی دواخانوں میں 7790 میں 1380 مریض زیر علاج ہیں۔ 21 تا 50 سال عمر کے 63.9 فیصد جبکہ 50 سال سے زائد عمر کے 2291 فیصد مریض پائے گئے ۔20 سال سے کم عمر کے مریضوں کا فیصد 13.18 ہے۔ 60.44 فیصد مرد اور 39.37 فیصد خواتین کورونا متاثر ہوئے۔