تلنگانہ میں کورونا سے متاثر 15 نئے کیسس منظر عام پر

,

   

متاثرین کی جملہ تعداد 77 ہوگئی، تبلیغی جماعت کے ایک ذمہ دار کا انتقال
حیدرآباد ۔30۔مارچ (سیاست نیوز) ریاست میں آج کورونا وائرس سے متاثرہ 15 نئے کیسس منظر عام پر آئے ہیں جس کے بعد کورونا سے متاثرین کی جملہ تعداد بڑھ کر 77 ہوچکی ہے۔ وزیر صحت ای راجندر نے بتایا کہ نئی دہلی کے تبلیغی مرکز سے واپس ہونے والے افراد اور ان کے رشتہ داروں کی جانچ کے دوران 15 نئے معاملات منظر عام پر آگئے ۔ جملہ 77 متاثرہ افراد کا مختلف دواخانوں میں علاج جاری ہے ۔ وزیر صحت نے بتایا کہ نئی دہلی کے تبلیغی مرکز سے واپس ہونے والے افراد کو چاہئے کہ وہ اپنے معائنہ کیلئے گاندھی ہاسپٹل سے رجوع ہوں۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور وزیر صحت ای راجندر نے دہلی سے آنے والے افراد سے اپیل کی کہ وہ رضاکارانہ طور پر ہاسپٹل سے رجوع ہوں تاکہ کورونا ٹسٹ کیا جاسکے ۔ کورونا وائرس کی علامات جن افراد میں پائی جائیں ، انہیں اپنے افراد خاندان کے ساتھ جانچ کیلئے ہاسپٹل رجوع ہونا چاہئے ۔ واضح رہے کہ تبلیغی مرکز سے واپس ہونے والے افراد کا پتہ چلانے کیلئے پولیس اور محکمہ صحت کی جانب سے آج شہر کے مختلف علاقوں میں مہم چلائی گئی ۔ دہلی سے آنے والے افراد کو مختلف آئیسولیشن مراکز میں رکھا گیا تاکہ ان کی صحت پر نظر رکھی جاسکے۔ اسی دوران تلنگانہ میں تبلیغی جماعت کے ایک ذمہ دار جناب احمد عبدالمقیت عرف خسرو بھائی کا آج شام یشودھا ہاسپٹل ملک پیٹ میں انتقال ہوگیا۔ وہ نئی دہلی میں مرکز کے دورہ سے واپس ہوئے تھے اور طبیعت بگڑنے پر یشودھا ہاسپٹل کے آئیسولیشن وارڈ میں علاج کے لئے رکھا گیا تھا ۔ کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے سبب انتقال کا شبہ ظاہر کیا جارہا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ان کی شریک حیات بھی ہاسپٹل میں زیر علاج ہے۔ دینی حلقوں میں خسرو بھائی کی حیثیت سے شہرت رکھنے والے جناب عبدالمقیت کا شمار تبلیغی جماعت کے ذمہ داروں میں ہوتا ہے ، وہ مساجد ، کمیٹیوں اور شہر اور اضلاع کی جماعتوں سے متعلق اہم امور کے نگرانکار تھے۔ تبلیغی جماعت کے اکابرین سے وہ کافی قریب رہے۔ گزشتہ تین دن سے ان کی حالت تشویشناک تھی۔ خسرو بھائی اشرف نگر ملک پیٹ کے ساکن تھے اور وہ بنیادی طور پر تجارت سے وابستہ تھے۔ دینی حلقوں کے علاوہ تاجر برادری میں انہیں احترام کی نظر سے دیکھا جاتا تھا۔ اسی دوران وزیر صحت راجندر نے بتایا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے حکام کو ہدایت دی ہے کہ ڈائلسیس ، تھلسیمیا اور سکل سیل بخار سے متاثرہ افراد جنہیں خون کی تبدیلی کی ضرورت ہوتی ہے ، انہیں لاک ڈاؤن کے دوران آمد و رفت کی اجازت رہے گی۔ انہیں حکام کی جانب سے سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی ہیں۔ پولیس کو ہدایت دی گئی کہ ایسے مریضوں کی نقل و حرکت پر پابندی عائد نہ کریں۔ انہوں نے بتایا کہ حاملہ خواتین کے مسائل کے حل کیلئے مدر اینڈ چائلڈ کیر سنٹر بدستور کام کرتے رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس پر قابو پانے کیلئے حکومت ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ عوام کو چاہئے کہ وہ گھروں تک محدود رہتے ہوئے حکومت سے تعاون کریں۔