تلنگانہ میں کورونا وائرس کی دوسری لہر ختم ، تیسری لہر سے نمٹنے پوری طرح تیار

   

1.25 کروڑٹیکہ اندازی ، محکمہ صحت کی چوکسی ، ڈاکٹر جی سرینواس ڈائرکٹر محکمہ صحت کا بیان
حیدرآباد۔12جولائی (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں کورونا وائرس کی دوسری azلہر ختم ہوچکی ہے اور تلنگانہ تیسری لہر کے مقابلہ کیلئے پوری طرح سے تیار ہے۔ ڈائریکٹر محکمہ صحت ڈاکٹر جی سرینواس راؤ نے دعویٰ کیا کہ ریاست میں دوسری لہر ختم ہوچکی ہے اور طبی سہولتوں میں کوئی کمی نہیں ہے۔ انہوںنے ضلع کریم نگر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کہا کہ ریاست تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے تیسری لہر کی صورت میں طبی سہولتوں کی فراہمی کے اقدامات مکمل کئے جا چکے ہیں اور ٹیکہ اندازی کی رفتار بھی ریاست میں کافی بہتر ہے۔ ڈاکٹرس جی سرینواس نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں اب تک 1.25 کروڑ کورونا وائرس کے ٹیکہ دیئے جاچکے ہیں جن میں مکمل طور پر ٹیکہ حاصل کرنے والے اور پہلی خوراک حاصل کرنے والے دونوں شامل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں آکسیجن بستروں اور وینٹیلیٹرس کی کوئی قلت نہیں ہے اور نہ ہی آکسیجن کی قلت ریکارڈ کی جائے گی۔انہو ںنے بتایا کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر کے دوران جو صورتحال پیدا ہوئی تھی اس طرح کے حالات تیسری لہر کے دوران نہیں ہوگی کیونکہ ماہرین کے ساتھ مشاورت کے بعد محکمہ صحت نے حکومت کی ہدایات کے مطابق ریاست میں طبی سہولتوں میں اضافہ کرنے کے علاوہ چوکسی اختیار کررکھی ہے۔ڈاکٹرجی سرینواس نے کہا کہ ماسک کے لزوم اور سماجی فاصلہ کے علاوہ ٹیکہ اندازی کے ذریعہ ہی کورونا وائرس پر قابو پایا جاسکتا ہے اور ممکنہ حد تک کورونا وائرس کے ٹیکوں کی فراہمی کے اقدامات کے علاوہ ماسک کے لزوم کو برقرار رکھنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ تیسری لہر کا شکار ہونے سے محفوظ رہنے کیلئے ماسک کے استعمال کو برقرار رکھیں اور سماجی فاصلہ کی برقراری کو یقینی بنایا جائے ۔