تلنگانہ میں کورونا وائرس کے قہر میں غیر معمولی اضافہ

   

Ferty9 Clinic

اندرون دو ہفتے 2290 پازیٹیو کیسیس ، تاحال 103 افراد کی اموات
حیدرآباد ۔ 15 ۔ جون : ( سیاست نیوز) : تلنگانہ میں کورونا کا قہر اپنے عروج پر پہونچ رہا ہے ۔ صرف 2 ہفتوں میں کورونا کے2290 نئے پازیٹیو کیسیس درج ہوئے اور 103 اموات واقع ہوئیں ۔ اوسطاً روزانہ 200 نئے معاملات سامنے آرہے ہیں اور 10 اموات ہورہی ہیں ۔ متاثرین میں 200 سے زائد طبی عملہ 100 سے زائد پولیس عملہ اور 70 سے زائد صحافی شامل ہیں ۔ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو تلنگانہ بہت جلد ڈینجر زون میں شامل ہوجائے گا ۔ عوام اپنی حفاظت پر زیادہ توجہ دیں ۔ گریٹر حیدرآباد تلنگانہ کے کورونا کیپٹل میں تبدیل ہوگیا ہے ۔ سیاسی قائدین ، اور اعلیٰ عہدیدار اور ان کے ماتحت ملازمین میں تشویش پائی جاتی ہے ۔ ریاستی وزیر ہریش راؤ اور کانگریس کے رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ کے علاوہ دوسرے قائدین ہوم کورنٹائن میں چلے گئے ہیں ۔ ریاست میں دن بہ دن کورونا وائرس کے پازیٹیو کیسیس میں اضافہ ہورہا ہے ۔ جس سے عوام میں تشویش پائی جاتی ہے ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ محکمہ صحت نے اندیشہ ظاہر کیا ہے کہ مستقبل میں کورونا کے نئے معاملات 500 تا 1000 بھی سامنے آسکتے ہیں ۔ کام کا بوجھ بڑھ جانے پر طبی عملہ پریشان ہے ۔ کورونا سے محفوظ رہنے کے لیے پی پی ای کٹس فراہم کرنے کا حکومت سے مطالبہ کیا جارہا ہے ۔ ریاست تلنگانہ میں 6 مئی تک کورونا کے 1094 کیسیس تھے اور اموات کی تعداد صرف 29 تھی ۔ 14 جون تک 37 دنوں میں کورونا کے 3880 نئے کیسیس درج ہوئے اور 156 اموات ہوئی ہیں اس طرح ریاست میں جملہ کورونا متاثرین کی تعداد بڑھ کر 4974 تک پہونچ گئی ہے اور 185 افراد فوت ہوئے ہیں ۔ کورونا کے قہر کو دیکھتے ہوئے چیف منسٹر کے سی آر نے آپریشن حیدرآباد شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ شہر حیدرآباد کے بشمول چار اضلاع کے 30 اسمبلی حلقوں میں 50 ہزار افراد کا ٹسٹ کرانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ تاہم یہ بات سچ ہے ٹسٹ کرانے کے معاملے میں ریاست تلنگانہ دوسرے ریاستوں سے کافی پیچھے ہے ۔ 36 لاکھ کی آبادی والی ریاست تریپورہ میں 38,572 ٹسٹ کرائے گئے ہیں جب کہ 4 کروڑ آبادی والی ریاست تلنگانہ میں 12 جون تک 36,900 ٹسٹ کرائے گئے ہیں۔ آئی سی ایم آر اور تلنگانہ ہائی کورٹ کی پھٹکار کے بعد ریاست تلنگانہ میں ٹسٹ کرانے کے معاملے میں کسی قدر اضافہ کیا گیا ہے ۔ جب سارے ہندوستان میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 1000 تھیں تب سارے ملک میں لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا تھا اب جب کہ متاثرین کی تعداد 3 لاکھ 36 ہزار ہوگئی ہے ۔ ملک سے لاک ڈاؤن کو ختم کردیا گیا ہے ۔ ریاست تلنگانہ ہو کہ ملک کے دوسرے ریاستوں کے شہروں اور اضلاع میں 15 سے زائد نئے معاملات درج ہونے پر ان علاقوں کو کنٹنمنٹ زون قرار دیتے ہوئے تحدیدات عائد کیے جارہے ہیں ۔ اب 25 سے زائد کیسیس درج ہونے کے باوجود کوئی احتیاطی اقدامات نہیں کئے جارہے ہیں ۔ لہذا عوام پر ذمہ داری عائد ہے کہ وہ خود ہی احتیاط کریں ۔ اپنا اور اپنے ارکان خاندان کے ساتھ اپنے دوست احباب کو اس وباء سے دور رکھنے کے اقدامات کریں ۔۔