ایرہ گڈہ چست ہاسپٹل ، گاندھی جنرل ہاسپٹل اور فیور ہاسپٹل میں خصوصی وارڈس
حیدرآباد ۔ 21 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : ریاست تلنگانہ میں مہلک وبا کورونا وائرس کے مشتبہ افراد کا سخت ترین حفاظتی انتظامات کے تحت علاج کیا جارہا ہے ۔ شعور بیداری کو غیر معمولی اہمیت دیتے ہوئے مشتبہ مریضوں کے لیے تیار کردہ خصوصی وارڈز کو سیکوریٹی کے گھیرے میں رکھا گیا ہے ۔ شہر حیدرآباد میں ایرہ گڈہ ، گاندھی جنرل ہاسپٹل کے علاوہ فیور ہاسپٹل ( کورنٹی ) میں خصوصی وارڈز مختص کردئیے گئے ہیں جہاں مریضوں کا علاج جاری ہے ۔ جب کہ شہر کے نواحی علاقوں راجندر نگر اور گچی باولی میں ائسولیشن وارڈز کی تعمیر عمل میں لائی گئی ہے تاحال تلنگانہ میں 21 پازیٹیو کیس پائے جاتے ہیں ۔ ایرہ گڈہ ہاسپٹل میں قائم کردہ کورونا وائرس کے خصوصی وارڈ کو غیر معمولی سیکوریٹی دی گئی ہے ۔ اس وارڈز میں موجودہ مریضوں کے سوائے ان ڈاکٹرس کے جو ان کا علاج کررہے ہیں داخلہ کی اجازت ہے بلکہ دوسرے ڈاکٹروں کو بھی اس وارڈ میں جانے کی اجازت نہیں ۔ اور وارڈ کے کافی دور فاصلہ پر بورڈ آویزاں کردیا گیا ہے اور عملہ کو غیر ضروری طور پر اندر جانے نہیں دیا جارہا ہے اور سخت نظر رکھی جارہی ہے ۔ مشتبہ مریضوں پر 24 گھنٹے سخت نظر کے علاوہ ان کی صحت میں واقع ہورہی تبدیلیوں کا بھی جائزہ جاری ہے ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق ایرہ گڈہ ہاسپٹل میں ( 18 ) نیگیٹیو اور (9) پازیٹیو مریض پائے جاتے ہیں ۔ جن میں ملے پلی علاقہ سے کل رات منتقل کئے گئے 7 افراد بھی شامل ہیں ۔ محکمہ صحت کے اعلیٰ عہدیداروں کے ماہرین ڈاکٹرز کی ٹیمیں حالات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور وزیر صحت بھی مسلسل جائزہ لے رہے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق گاندھی ہاسٹل میں قائم کردہ وارڈز میں 40 بستر ، فیور ہاسپٹل ( کورنٹی ) میں 40 بستر اور ایرہ گڈہ ہاسپٹل میں 50 بستر کا وارڈ 24 گھنٹے انتہائی سخت سیکوریٹی میں کام کررہا ہے ۔۔