ویکسین کی تیاری میں حیدرآباد دنیا کا مرکز ۔ٹیکہ سنٹر کا معائنہ کرنے کے بعد کے ٹی آر کا ریمارک
حیدرآباد : ریاستی وزیربلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے شہر حیدرآباد کو کورونا ویکسین کا حب قرار دیتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد میں کورونا کا ویکسین تیار ہونے پر فخر ہے۔ انہوں نے آج تلک نگر کے یو پی ایچ سی سنٹر پر کورونا ٹیکہ اندازی مہم کا جائزہ لیا اور ٹیکہ لینے والوں سے بات چیت کرتے ہوئے ان کے صحت کے بارے میں معلومات حاصل کی اور استفسار کیا کہ کیا وہ کبھی کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ٹیکہ بالکل محفوظ ہے۔ عوام کو شک و شبہات میں مبتلاء ہوئے بغیر ٹیکہ لینے کا مشورہ دیا۔ وزیربلدی نظم و نسق نے کہا کہ عوام میں اعتماد پیدا کرنے کیلئے وہ بھی ٹیکہ لینا چاہتے تھے تاہم وزیراعظم نریندر مودی نے پہلے فرنٹ لائن ورکرس کو ٹیکہ دینے کا مشورہ دیا ہے۔ اس لئے وہ پہلے فرنٹ لائن ورکرس کو ٹیکہ لینے میں تعاون کررہے ہیں۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ریاست کے 140 مراکز پر آج سے کورونا ٹیکہ اندازی مہم کا آغاز ہوگیا ہے۔ پہلے مرحلہ میں فرنٹ لائن ورکرس کو اہمیت دی جارہی ہے کیونکہ انہوں نے کورونا بحران کے دوران اپنے گھروں اور ارکان خاندان سے دور رہ کر کورونا سے متاثر رہنے والوں کی مدد کی ہے۔ سب سے پہلے ٹیکہ پر ان کا حق بنتا ہے۔ عوامی منتخب نمائندے بعد میں ٹیکہ لیں گے۔ ہوسکے تو عوم کے ساتھ عوام کے منتخب نمائندے بھی ٹیکہ حاصل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کو ویگزن ٹیکہ کی تیاری پر انہیں فخر ہے۔ مضر اثرات سے پاک محفوظ ٹیکہ حیدرآباد میں تیار ہوکر ساری دنیا میں پہنچ رہا ہے۔ دنیا بھر میں استعمال ہونے والے ہر تین ٹیکہ میں ایک ٹیکہ حیدرآباد میں تیار ہورہا ہے۔ ٹیکہ کی تیاری میں حیدرآباد دنیا کا دارالحکومت میں تبدیل ہوگیا۔ وہ امید کرتے ہیں کہ یہ ٹیکہ لینے کے بعد عوام کورونا بحران سے باہر نکلنے میں کامیاب ہوں گے۔ ریاستی حکومت ہر ایک کیلئے ٹیکہ کا انتظام کررہا ہے۔ کسی کو ڈروخوف میں مبتلاء ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔