تلنگانہ میں کورونا ویکسین کی قلت کے مسئلہ پر کشن ریڈی کا متنازعہ تبصرہ

   

10 لاکھ ویکسین دستیاب، محکمہ صحت نے مرکزی وزیر کے دعویٰ کو مسترد کردیا
حیدرآباد: تلنگانہ محکمہ صحت نے مرکزی مملکتی وزیر داخلہ جی کشن ریڈی کے اس دعوے کو مسترد کردیا ، تلنگانہ میں کورونا ویکسین کی 10.48 لاکھ خوراک موجود ہے۔ مرکزی وزیر نے ٹوئیٹر پر ہندوستان کا نقشہ پیش کرتے ہوئے ہر ریاست میں ویکسین کے اسٹاک کی موجودگی کے اعداد و شمار پیش کئے ۔ تلنگانہ کے بارے میں انہوں نے لکھا کہ یہاں کورونا ویکسین کے 10.48 لاکھ خوراک دستیاب ہے۔ محکمہ صحت کے عہدیداروں نے مرکزی وزیر کے اس دعوے کو بے بنیاد قرار دیا اور کہا کہ عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی گئی ہے ۔ کشن ریڈی نے ٹوئیٹر پر لکھا کہ ہندوستان کی تمام ریاستوں میں کورونا ویکسین کی 2.24 کروڑ خوراک دستیاب ہے۔ محکمہ صحت کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ تلنگانہ میں کورونا ویکسین کی موجودگی سے متعلق مرکزی وزیر کا دعویٰ درست نہیں ہے۔ اس دعوے کے ذریعہ عوام میں غلط اطلاعات کو عام کیا جارہا ہے ۔ تلنگانہ میں اتوار کے دن ٹیکہ اندازی کا عمل روک دیا گیا کیونکہ ریاست میں ویکسین کا اسٹاک ختم ہوچکا ہے ۔ مرکزی وزیر صحت ڈاکٹر ہرش وردھن کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کے دوران تلنگانہ کے عہدیداروں نے کورونا ویکسین روانہ کرنے کی خواہش کی ہے۔ مرکزی وزارت صحت نے 2.7 لاکھ ٹیکے روانہ کرنے کا تیقن دیا ہے اور توقع ہے کہ یہ اسٹاک جلد حاصل ہوگا۔ ہفتہ کی رات تک تلنگانہ میں 12090 ویکسین کا اسٹاک موجود تھا جس کے سبب اتوار کو ٹیکہ اندازی کا عمل انجام نہیں دیا جاسکا۔ ڈائرکٹر پبلک ہیلت ڈاکٹر سرینواس راؤ نے کہا کہ تلنگانہ میں ویکسین کی کمی کے سبب اتوار کو ٹیکہ اندازی نہیں کی گئی ۔ وزیر صحت ای راجندر نے بھی ویکسین کی کمی کی شکایت کرتے ہوئے مرکزی وزیر سے اسٹاک روانہ کرنے کی اپیل کی ہے۔