آکسیجن، ادویات اور دیگر ضروری اشیاء کی سربراہی کا تیقن، ہریش راؤ نے ویڈیو کانفرنس میں تفصیلات بیان کیں
حیدرآباد: مرکزی وزیر صحت ڈاکٹر ہرش وردھن نے تلنگانہ میں کورونا وباکی شدت میں کمی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ مرکزی وزیر نے تیقن دیا کہ تلنگانہ کو آکسیجن ، ادویات ، ریمیڈیسیور انجکشن ، ویکسین ، ٹسٹنگ کٹس ، وینٹی لیٹرس اور دیگر ضروری ادیاوت اور ساز و سامان کی سربراہی فوری عمل میں لائی جائیگی ۔ مرکزی وزیر نے تلنگانہ کے کوٹہ میں اضافہ کا تیقن دیا ۔ ڈاکٹر ہرش وردھن نے ریاستی حکومتوں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس منعقد کی ۔ چیف منسٹر کی ہدایت پر وزیر فینانس ہریش راؤ نے ویڈیو کانفرنس میں حصہ لیا۔ ویڈیو کانفرنس میں چیف منسٹر آفس کے خصوصی عہدیدار راج شیکھر ریڈی ، ڈائرکٹر ہیلت سرینواس راؤ ، ڈائرکٹر میڈیکل ایجوکیشن رمیش ریڈی اور ٹکنیکل اڈوائزر گنگا دھر نے شرکت کی ۔ مرکزی وزیر کے کورونا پھیلاؤ کو روکنے ریاستوں کے اقدامات سے متعلق استفسار پر ہریش راؤ نے تلنگانہ حکومت کے اقدامات سے واقف کروایا۔ انہوں نے مرکزی وزیر سے درخواست کی کہ وہ تلنگانہ کو مختص کوٹہ میں اضافہ کرکے آکسیجن ، ادویات ، ویکسین و دیگر ضروری سامان مناسب مقدار میں سربراہ کریں ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ کورونا کی دوسری لہر سے قبل حکومت نے بنیادی انفراسٹرکچر میں بڑی حد تک اضافہ کیا تھا۔ کورونا کی پہلی لہر کے دوران 18232 بیڈس دستیاب تھے جن میں تین گنا اضافہ کرکے 53775 کیا گیا ہے۔ 9213 آکسیجن بیڈس کی تعداد کو بڑھاکر 20738 کیا گیا ہے۔ آئی سی یو بیڈس کی تعداد میں 3264 سے اضافہ کرکے 11274 کیا گیا ۔ ہریش راؤ نے بتایا کہ چیف منسٹر کی ہدایت پر ریاست میں محکمہ صحت سے گھر گھر بخار کیا جارہا ہے۔ آشا ورکرس ، آنگن واڑی ورکرس اور اے این ایم عملہ پر مشتمل 27039 ٹیمیں تشکیل دی گئیں ہیں۔ مرکزی وزیر کو بتایا گیا کہ کورونا کے مشتبہ مریضوں میں ضروری ادویات پر مشتمل ہیلت کٹس مفت تقسیم کئے جارہے ہیں۔ مذکورہ سروے کے ذریعہ کورونا کے غیر علامتی مریضوں کا پتہ چلانے میں مدد ملی ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ گھر گھر سروے کے نتیجہ میں اموات کی تعداد گھٹ چکی ہے۔ ابھی 60 لاکھ مکانات کا احاطہ کیا گیا ۔ مرکزی وزیر کو لاک ڈاؤن کے نفاذ کی اطلاع دی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ پڑوسی ریاستوں سے تلنگانہ کو مریضوںکی آمد میں اضافہ ہوا ہے ۔ حیدرآباد میڈیکل ہب میں تبدیل ہوچکا ہے ۔ آندھراپردیش ، کرناٹک اور مہاراشٹرا کے کورونا مریض حیدرآباد کے دواخانوں سے رجوع کئے جارہے ہیں جو حکومت کے لئے ناقابل برداشت بوجھ ہے۔ مرکزی وزیر سے درخواست کی گئی کہ تلنگانہ میں آبادی کے اعتبار سے ادویات ، آکسیجن اور دیگر ضروری سامان سربراہ کئے گئے۔ تلنگانہ کیلئے مختص کردہ 450 میٹرک ٹن آکسیجن کی مقدار کو بڑھاکر روزانہ 600 میٹرک ٹن سربراہ کرنے کی درخواست کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں ویکسین کی دوسری خوراک دی جارہی ہے۔ 45 سال سے زیادہ عمر کے افراد کو ویکسین کیلئے 1.29 کروڑ خوراک کی ضرورت ہے۔ مرکزی حکومت کو ویکسین خوراک کی سربراہی میں اضافہ کرنا چاہئے ۔