تلنگانہ میں کورونا کے 2047 نئے کیس۔ تین اموات

   

حیدرآباد۔16جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ میں کورونا متاثرین کی تعداد 22ہزار48 تک پہنچ چکی ہے اور گذشتہ 24 گھنٹوں میں 2047 افراد کو کورونا کی توثیق ہوئی ہے ۔ وائرس کے سبب 3اموات واقع ہوئی ہیں۔ تلنگانہ میں 22ہزار48 مریضوں میں جملہ 2158 مریض دواخانوں میں زیر علاج ہیں جن میں 735 سرکاری دواخانوں میں زیر علاج ہیں جبکہ 1423 مریض خانگی و کارپوریٹ دواخانوں میں اپنا علاج کروا رہے ہیں۔محکمہ صحت کی جانب سے جاری کئے جانے والے بلیٹن کے مطابق 544 مریض آئی سی یو میں زیر علاج ہیں جن میں 156 مریض سرکاری دواخانوںکے آئی سی یو میں ہیں اور 388 مریض خانگی دواخانوں کے آئی سی یو میں زیر علاج ہیں۔دواخانوں میں موجود کورونا وائرس کے مریضوں میں 900 مریض ایسے ہیں جنہیں آکسیجن درکار ہے اور 308 مریض سرکاری دواخانوں کے آکسیجن بیڈ پر ہیں جبکہ 592 مریض خانگی و کارپوریٹ دواخانوں میں زیر علاج ہیں۔ 24 گھنٹوں کے دوران ریاست میں 55 ہزار 883 افراد کے کورونا وائرس معائنے کئے گئے اور ان میں 9ہزار829معائنوں کے رپورٹ موصول ہونا باقی ہے۔ شہر حیدرآباد میں گذشتہ 24گھنٹوںکے دوران 1174 کورونا وائرس مریضوں کی نشاندہی ہوئی ہے جبکہ گذشتہ یوم شہر حیدرآباد میں 1075 مریض پائے گئے تھے۔ میڑچل۔ملکا جگری میں 178 مریضوں کی نشاندہی کی گئی ہے اور ضلع رنگاریڈی میں 140 کورونا کے نئے مریض پائے گئے ہیں۔ محکمہ صحت کے عہدیدارو ںکی جانب سے اضلاع میں کورونا وائرس کی تیسری لہر اور مریضوں کی تعداد میں ہونے والے اضافہ کا باریکی سے جائزہ لیا جا رہاہے اور جن اضلاع میں مریضوں کی تعداد میں اضافہ دیکھا جا رہاہے ان اضلاع میں خصوصی توجہ دہانی اور معائنوں میں اضافہ کے اقدامات کو یقینی بنایا جا رہاہے۔م