حیدرآباد 15 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) تلنگانہ بھر میں پیر کو ایک دن میں کورونا کے 219 نئے پازیٹیو کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ یہ تمام مقامی مریض ہیں اور کوئی مائیگرنٹ اس میںشامل نہیںہے ۔ اب تک ریاست میں جملہ 4744 مقامی افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ 449 متاثرین ایسے ہیں جو مائیگرنٹ یا بیرون ملک سے واپس ہوئے ہیں۔ اس طرح ریاست میں جملہ متاثرین کی تعداد بھی آج 5193 تک جا پہونچی ہے ۔ آج کورونا سے دو مریضوں کی اموات کی بھی اطلاع ہے ۔ اب تک جملہ مہلوکین کی تعداد 187 ہوگئی ہے ۔ ریاستی حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایک بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ آج کے 219 متاثرین میں 189 کا تعلق گریٹر حیدرآباد سے ہے جبکہ 13 مریض رنگا ریڈی سے تعلق رکھتے ہیں۔ ورنگل اربن سے چار کیس اور میڑچل و سنگاریڈی سے دو دو کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ محبوب نگر ‘ میدک ‘ عادل آباد ‘ یادادری ‘ ونپرتی اور پیدا پلی سے ایک ایک کیس رپورٹ ہوا ہے ۔ ورنگل رورل سے تین افراد کے کورونا کا شکار ہونے کی اطلاع ہے ۔
