تلنگانہ میں کورونا کے 592 نئے کیس،643 افراد صحت یاب

   

۔3 اموات، مریضوں کی صحتیابی کی شرح میں اضافہ باعث اطمینان
حیدرآباد۔تلنگانہ میں کورونا کے کیسس میں کمی کے ساتھ ساتھ ریکوری کی شرح میں اضافہ پر محکمہ صحت نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ گذشتہ ایک ماہ کے دوران ریاست میں کورونا کے کیسس میں بتدریج کمی واقع ہوئی ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 592 نئے کیسس منظر عام پر آئے جبکہ ریکوری کی شرح 97% ہوچکی ہے۔ کورونا کے نئے کیسوں سے زیادہ افراد صحتیاب ہورہے ہیں۔ قومی سطح پر ریکوری کی شرح 95.5 فیصد ہے جبکہ تلنگانہ میں 97.01 فیصد ہے ۔ریاست میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں 643 افراد کورونا سے صحتیاب ہوئے جبکہ 3 اموات ہوئیں۔ پازیٹیو کیسوں کی تعداد 281414 ہوچکی ہے جبکہ 273013 افراد صحتیاب ہوئے۔ اموات کی تعداد 1513 ہوچکی ہے۔ ریاست میں اموات کی شرح 0.53 فیصد درج کی گئی جبکہ قومی شرح 1.5 فیصد ہے۔ محکمہ صحت کے بلیٹن کے مطابق ریاست میں 6888 ایکٹیو کیسس ہیں جن میں سے 4719 ہوم آئسولیشن کے تحت زیر علاج ہیں۔ سرکاری اور خانگی دواخانوں میں 90 فیصد کوویڈ کے بستر خالی ہیں۔ 61 سرکاری دواخانوں میں 8561 بستروں کے منجملہ 7793 بستر خالی ہیں۔ دواخانوں میں 768 افراد زیر علاج ہیں۔ 219 خانگی دواخانوں میں جہاں کورونا کا علاج جاری ہے 7920 بستروں میں سے 1401 پر مریض موجود ہیں جبکہ 6519 بستر خالی ہیں۔ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں 119 نئے کیسس منظر عام پر آئے ہیں۔ گذشتہ 24 گھنٹوں میں 41970 کورونا ٹسٹ کئے گئے جن میں سے 515 کا نتیجہ آنا باقی ہے۔ اضلاع میں کتہ گوڑم 14، جگتیال 12 ، کریم نگر 26 ، کھمم 20 ، محبوب نگر 10 ، منچریال 13 ، ملکاجگیری 17 ، ناگرکرنول 12 ، نلگنڈہ 18 ، نظام آباد 13 ، پدا پلی 18 ، رنگاریڈی 57 ، سنگاریڈی 11 ، سدی پیٹ 20، سوریا پیٹ 14 ، ورنگل ( اربن ) 40 اور بھونگیر میں 14 نئے کیس منظر عام پر آئے۔