تلنگانہ میں کورونا کے1,524 نئے پازیٹیو کیس ‘ 10 اموات

,

   

حیدرآباد۔ تلنگانہ میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 1,524 نئے پازیٹیو کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس طرح ریاست میں اب تک جملہ متاثرین کی تعداد 37,745 تک جا پہونچی ہے ۔ آج ایک دن میں 10 اموات کی بھی اطلاع ہے جس سے اب تک مرنے والوں کی تعداد 375 ہوگئی ہے ۔ آج ایک دن میں جملہ 1,161 مریضوں کو علاج اور صحتیابی کے بعد ڈسچارج کردیا گیا ہے ۔ اب تک جملہ 24,840 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ مزید 12,531 مریض زیر علاج ہیں۔ آج جو نئے پازیٹیو کیس رپورٹ ہوئے ہیں ان میں گریٹر حیدرآباد سے 814 اور رنگا ریڈی سے 240 کیس شامل ہیں۔ علاوہ ازیں میڑچل سے 97 ‘ سنگاریڈی سے 61 ‘ نلگنڈہ سے 38 ‘ ورنگل اربن سے 30 ‘ کریمنگر سے 29 اور میدک سے 24 نئے پازیٹیو کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔

حیدرآباد میں 13 دنوں میں کورونا کے تقریباً 15000 نئے کیس
ابتدائی علامات کے مریض عوام میں گھوم رہے ہیں، لاک ڈاؤن رعایت کے بعد سے کیسوں میں اضافہ
حیدرآباد۔ گریٹر حیدرآباد حدود میں کورونا کیسس میں تیزی سے اضافہ نہ صرف عوام بلکہ عہدیداروں کیلئے بھی تشویش کا باعث بن چکا ہے۔ محکمہ جات صحت اور و بلدی نظم و نسق پتہ چلانے کی کوشش کررہے ہیں کہ شہر میں کورونا کے اس قدر تیزی سے پھیلاؤ کی وجوہات کیا ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ابتدائی جانچ میں پتہ چلا کہ کورونا کی معمولی علامات والے افراد کی کھلے عام نقل و حرکت دوسروں میں وائرس پھیلانے کا سبب بن رہی ہے۔ اگرچہ حیدرآباد کمیونٹی ٹرانسمیشن کے مرحلہ میں داخل نہیں ہوا لیکن عوام کی لاپرواہی اور تحدیدات کی خلاف ورزی نے کیسوں میں اضافہ کردیا ہے۔ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے معاملہ میں اضلاع سے زیادہ شہر میں عوام کی غفلت و لاپرواہی منظر عام پر آئی ہے۔ گذشتہ کئی دن سے گریٹر حیدرآباد حدود میں اوسطاً ایک ہزار کیس کا منظر عام پر آنا تشویش کا باعث ہے۔ گذشتہ 13 دنوں میں گریٹر حیدرآباد میں 14959 افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔ جاریہ ماہ حیدرآباد میں کورونا کے ریکارڈ کیسس منظر عام پر آئے۔ مارچ سے جون تک گریٹر حیدرآباد میں کورونا کیسس کی تعداد 9262 تھی لیکن جاریہ ماہ صرف 13 دنوں میں پازیٹیو کیسس کی تعداد 14959 ہوچکی ہے جس سے کیسس میں تیزی سے اضافہ اور وائرس کے پھیلاؤ کا اندازہ کیا جاسکتا ہے۔ گریٹر حیدرآباد کے تقریباً تمام علاقے کورونا کا شکار ہوچکے ہیں اور یہ وباء اب تیزی سے مضافاتی علاقوں اور اطراف کے اضلاع تک پھیل رہی ہے۔ ریاست کے 23 سے زائد اضلاع کورونا سے متاثر ہیں۔ حیدرآباد کے اعداد و شمار کا جائزہ لیں تو مارچ میں صرف 74 کیس تھے جبکہ اپریل میں 527 ، مئی میں 1015 اور جون میں 7646 کیسس منظر عام پر آئے۔ چار ماہ سے زیادہ کیسس جاریہ ماہ کے صرف 13 دنوں میں ظاہر ہوئے ہیں۔