گریجویٹ نشست پر کانگریس اور بی جے پی میں کانٹے کی ٹکر، ٹیچرس زمرہ کی 2 نشستوں پر بی جے پی اور ٹیچرس تنظیموں میں مقابلہ، 3 مارچ کو نتائج
حیدرآباد۔/26 فروری، ( سیاست نیوز)تلنگانہ قانون ساز کونسل کی تین نشستوں کیلئے کل 27 فروری کو رائے دہی مقرر ہے۔ الیکشن کمیشن نے آندھرا پردیش اور تلنگانہ کی جملہ 6 ایم ایل سی نشستوں کے لئے آزادانہ اور منصفانہ رائے دہی کے انتظامات کو قطعیت دے دی ہے۔ چیف الیکٹورل آفیسر سدرشن ریڈی نے ضلع کلکٹرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ پولنگ بوتھس میں رائے دہندوں کی سہولتوں اور اطراف میں سیکوریٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ رائے دہی صبح 8 تا سہ پہر 4 بجے رہے گی جبکہ ووٹوں کی گنتی اور نتیجہ کا اعلان 3 مارچ کو ہوگا۔ آندھرا پردیش میں گریجویٹ زمرہ کی 2 اور ٹیچرس زمرہ کی ایک جبکہ تلنگانہ میں ٹیچرس زمرہ کی 2 اور گریجویٹ زمرہ کی ایک نشست کیلئے رائے دہی ہوگی۔ میدک، نظام آباد، کریم نگر اور عادل آباد اضلاع پر مشتمل گریجویٹ ایم ایل سی نشست کے تحت جملہ 15 نئے اضلاع میں 773 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔ رائے دہی کی نگرانی کیلئے کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے رائے دہندوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پُرامن انداز میں بلاخوف و خطر رائے دہی میں حصہ لیں۔15 اضلاع میں بیالٹ پیپرس اور بیالٹ باکسیس پریسائیڈنگ آفیسرس کے حوالے کئے گئے۔ گریجویٹ ایم ایل سی نشست کے ریٹرننگ آفیسر کریم نگر کے ضلع کلکٹر پی ستپتی ہیں۔ کریم نگر ضلع ہیڈ کوارٹر پر الیکشن میٹریل پریسائیڈنگ آفیسرس کے حوالے کیا گیا۔ پریسائیڈنگ آفیسرس اور ان کے ماتحت عملے کو الیکشن میٹریل حوالے کرتے ہوئے ضروری ہدایات دی گئی ہیں۔ انہوں نے بیالٹ باکسیس کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے اسٹرانگ رومس پر سخت حفاظتی انتظامات کی ہدایت دی۔ رائے دہی اور بیالٹ باکس کو مہربند کرنے کی تربیت دی گئی۔ گریجویٹ ایم ایل سی نشست کیلئے جملہ 56 امیدوار میدان میں ہیں جبکہ میدک، نظام آباد، کریم نگر، عادل آباد ٹیچرس زمرہ کی نشست کیلئے 15 امیدوار ہیں۔ گریجویٹ ایم ایل سی رائے دہندوں کی تعداد 355159 ہے جبکہ ٹیچرس ایم ایل سی نشست کے رائے دہندوں کی تعداد 27088 ہے۔گریجویٹ نشست کیلئے 499 اور ٹیچرس نشست کیلئے 274 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔93 کامن پولنگ اسٹیشن ہیں جن میں گریجویٹ اور ٹیچرس دونوں کیلئے رائے دہی ہوگی۔ تمام اضلاع میں جملہ 773 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔ کریم نگر ضلع میں گریجویٹ رائے دہندوں کی تعداد 71545 ہے جبکہ ٹیچرس ووٹر 4305 ہیں۔ 103 پولنگ اسٹیشنوں میں رائے دہی ہوگی جن میں 85 گریجویٹ اور 18 ٹیچرس زمرہ کے ہیں۔ ضلع میں 312 پولنگ آفیسرس کے علاوہ 36 عہدیداروں کو ریزرو میں رکھا گیا ہے۔ پولنگ ڈیوٹی پر جملہ 451 ملازمین اور عہدیدار تعینات کئے گئے ہیں۔ پولنگ اسٹیشنوں کے اطراف حفاظتی انتظامات کے تحت دفعہ 144 کے تحت امتناعی احکام نافذ کئے گئے۔ ضلع کلکٹر رائے دہی کی راست نگرانی کریں گے۔ میدک، عادل آباد، کریم نگر اور ورنگل ٹیچرس نشست کیلئے 19 امیدوار مقابلہ کررہے ہیں۔ انتخابی مہم کے اختتام کے ساتھ ہی الیکشن کمیشن نے حلقہ جات سے غیر مقامی قائدین کو روانہ کردیا ہے۔ رائے دہی کی تکمیل کے ساتھ ہی بیالٹ باکسیس کو اسٹرانگ رومس میں محفوظ کردیا جائے گا۔ واضح رہے کہ گریجویٹ نشست پر کانگریس اور بی جے پی کے درمیان کانٹے کی ٹکر ہے جبکہ بی آر ایس انتخابی میدان میں نہیں ہے۔ ٹیچرس نشستوں کیلئے بی جے پی نے امیدوار کھڑے کئے ہیں جبکہ کانگریس پارٹی پنچایت راج ٹیچرس یونین کے امیدواروں کی تائید کررہی ہے۔1