تلنگانہ میں کوویڈ کے بعد شرح روزگار میں اضافہ ہوا ۔ آر بی آئی رپورٹ

   

حیدرآباد ۔ 19 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : ریاست تلنگانہ میں کوویڈ 19 کے بعد روزگار کی شرح میں قابل لحاظ اضافہ ہوا ہے ۔ ریزرو بینک آف انڈیا ( آر بی آئی ) کی ایک رپورٹ میں جو چہارشنبہ کو جاری کی گئی میں یہ بات کہی گئی ہے ۔ تلنگانہ ملک کی ان تین ریاستوں میں ایک ہے جہاں روزگار کی شرح میں اضافہ ہوا ہے ۔ یہ ایسے وقت ہے جب ملک میں بے روزگاری کی شرح معمول سے زیادہ ہونے کی اطلاعات ہیں۔ آر بی آئی کی رپورٹ میں کہا گیا کہ حالانکہ زیادہ تر ریاستوں میں شرح روزگار ان کے یہاں کوویڈ سے قبل کی سطح سے کم ریکارڈ کی جارہی ہے جب کہ مہاراشٹرا ، اڈیشہ اور تلنگانہ میں بہتر ریکوری ہوئی ہے اور ان ریاستوں میں کوویڈ سے قبل روزگار کی جو شرح تھی اب اس سے بڑھ گئی ہے ۔۔