شہر کی ترقی کانگریس کی مرہون منت، پالاکرتی ، سکندرآباد اور صنعت نگر میں جلسوں سے ریونت ریڈی کا خطاب
حیدرآباد 9نومبر (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں کے سی آر خاندان کی حکمرانی سے نجات حاصل کرنے کا عوام نے فیصلہ کرلیا ہے اور ڈسمبر میں کانگریس حکومت تشکیل پائیگی۔ ریونت ریڈی نے کانگریس کی انتخابی مہم کے طور پر پالا کرتی، سکندرآباد اور صنعت نگر میں پارٹی امیدواروں کے جلسوں سے خطاب کیا اور عوام سے اپیل کی کہ ترقی اور فلاح و بہبود کیلئے کانگریس کو برسر اقتدار لائیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کا الیکشن دراصل کے سی آر خاندان اور عوام کے درمیان ہیں۔ کانگریس نے تلنگانہ عوام کے جذبات اور ان کے قربانیوں کا احترام کرکے علحدہ ریاست تشکیل دی لیکن علحدہ ریاست کا فائدہ صرف کے سی آر اور ان کے افراد خاندان کو ہوا۔ انہوں نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ جدوجہد کے دوران نوجوانوں ، کسانوں اور سرکاری ملازمین سے کئی وعدے کئے گئے تھے لیکن پارٹی برسر اقتدار آتے ہی وعدوں کو فراموش کردیا گیا۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ پالا کرتی میں ریاستی وزیر دیاکر راؤ کی جانب سے کانگریس کارکنوں کو ہراساں کیا جارہا ہے اور ان کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کئے جارہے ہیں۔ زرعی شعبہ کو 24 گھنٹے مفت برقی سربراہی پر کے سی آر کو چیلنج کرکے ریونت ریڈی نے کہا کہ کسی بھی ضلع میں 24 گھنٹے برقی سربراہی ثابت کی جائے تو کانگریس مقابلہ سے دستبردار ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کہہ رہے ہیں کہ ریونت ریڈی تلنگانہ کو فروخت کردیں گے ۔ 2009 میں کے سی آر نے سکندرآباد لوک سبھا نشست بی جے پی کو فروخت کی تھی ۔ راجیہ سبھا نشستیں فروخت کرنا کے سی آر کی عادت ہے۔ کوکا پیٹ کی سرکاری اراضیات کو کے سی آر نے فروخت کیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے ہمیشہ عوام کی بھلائی اور ترقی پر توجہ مرکوز کی ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ حیدرآباد کی ترقی پر کے سی آر حکومت کے دعوے کھوکھلے ہیں۔ حیدرآباد میں میٹرو ٹرین پراجکٹ کا آغاز کانگریس دور حکومت میں ہوا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں کانگریس دور حکومت کے ترقیاتی اقدامات کے نتیجہ میں سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس برسر اقتدار آنے پر شہر کی ترقی کیلئے جامع منصوبہ تیار کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ آبپاشی پراجکٹس میں بڑے پیمانہ پر بے قاعدگیاں ہوئی ہیں اور کالیشورم پراجکٹ میں ایک لاکھ کروڑ کی دھاندلی کی گئی ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ کانگریس برسر اقتدار آتے ہی دھرانی پورٹل کو منسوخ کرتے ہوئے نئی ٹکنالوجی اختیار کرے گی اور کسانوں اور غریبوں کی اراضیات کا تحفظ ہوگا۔