تلنگانہ میں گرجنا کے ذریعہ راہول کی یاترا کو پرجوش وداعی: ریونت ریڈی

   

حیدرآباد۔/6 نومبر، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں بھارت جوڑو یاترا کے آخری دن جکل میں بھارت جوڑو گرجنا کا اہتمام کیا جارہا ہے جس میں ریاست بھر سے لاکھوں کی تعداد میں کارکن شرکت کریں گے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ راہول گاندھی نے ملک کی موجودہ صورتحال میں عوام کو بھروسہ دلانے کیلئے کنیا کماری سے یاترا کا آغاز کیا جو کرناٹک سے تلنگانہ میں داخل ہوئی اور پیر کی رات مہاراشٹرا میں داخل ہوگی۔ جکل اسمبلی حلقہ کے مینورو گاؤں میں گرجنا کا اہتمام کیا جارہا ہے جو راہول گاندھی کی یاترا کی شاندار وداعی کے طور پر ہوگا۔ کسان، طلبہ ، نوجوان، ورکرس، دانشور اور سماج کے دیگر طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کرتے ہوئے راہول گاندھی سے اظہار یگانگت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی نے مہاتما گاندھی سے متاثر ہوتے ہوئے اس یاترا کا آغاز کیا تاکہ ملک کو متحد رکھیں۔ مرکزی تحقیقاتی ایجنسیوں کی کارروائیاں اور جان کو خطرہ کی پرواہ کئے بغیر راہول گاندھی یاترا کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں غیر معمولی عوامی تائید حاصل ہوئی اور ٹی آر ایس اور بی جے پی کو بے نقاب کرنے میں کامیابی ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے تمام 119 اسمبلی حلقوں کے قائدین نے یاترا میں شرکت کی ہے۔ر