تلنگانہ میں گروپ II اور گروپ IV کی ملازمتوں پر تقررات کی تیاری

   

منگوڑ انتخابی مرحلہ کی تکمیل کے بعد اعلامیہ کی اجرائی متوقع ، مختلف جائیدادوں کی نشاندہی
حیدرآباد۔26۔اکٹوبر(سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سروس کمیشن میں گروپIIکے علاوہ گروپIV کی ملازمتوں کے لئے اعلامیہ کی اجرائی کی تیاریاں تیز کی جاچکی ہیں اور کہا جار ہاہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے 3نومبر کو منگوڈو حلقہ اسمبلی کے ضمنی انتخابات کے عمل کی تکمیل کے فوری بعد ملازمتوں پر تقررات کے سلسلہ میں اعلامیہ کی اجرائی عمل میں لائی جائے گی اورگروپII کے سلسلہ میں مخلوعہ جائیدادوں کی تفصیلات جاری کردی جائیں گی۔ حکومت کی جانب سے ریاست بھر میں مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے سلسلہ میں جاری اقدامات کے دوران دو ہفتہ قبل گروپI کے پریلمس امتحانات کا انعقاد عمل میں لایا گیا تھا اور ان امتحانات کے بعد گروپ II کے سلسلہ میں اعلامیہ کی اجرائی کی توقع کی جا رہی تھی لیکن ریاست میں ایک حلقہ اسمبلی کے ضمنی انتخابات کے سلسلہ میں ضلع نلگنڈہ کی حد تک انتخابی ضابطہ اخلاق کے نفاذ کے سبب حکومت کی جانب سے انتخابی عمل کی تکمیل کے بعد اعلامیہ کی اجرائی کا جائزہ لیا جا رہاہے ۔ ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق پبلک سروس کمیشن کی جانب اعلامیہ کی اجرائی کی تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیںاور حکومت کی جانب سے مخلوعہ جائیدادوں کے سلسلہ میں تفصیلات اور دیگر مواد کا انتظار کیا جا رہاہے ۔واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے 80ہزار 39جائیدادوں پر پبلک سروس کمیشن کے ذریعہ تقررات کے اقدامات کا فیصلہ کیا گیا تھا اور اسی فیصلہ کے تناظر میں گروپI امتحانات کے علاوہ محکمہ پولیس اور دیگر محکمہ جات کے تقررات کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔بتایاجاتا ہے کہ کمیشن نے حکومت کو اپنی تمام تیاریوں سے واقف کروادیا ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ 6 نومبر کے بعد اعلامیہ کی اجرائی کو منظوری دے گی اور اس کے فوری بعد تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سروس کمیشن کی جانب سے گروپ II اور گروپIV کے لئے اعلامیہ کی اجرائی عمل میں لائی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق گروپ III کے تقررات کے لئے کمیشن کی جانب سے جائیدادوں کی نشاندہی کا عمل جاری ہے اور تمام محکمہ جات میں موجود مخلوعہ جائیدادوں کی تفصیلات حاصل ہونے کے بعد ہی گروپ III کی جائیدادوں پر تقررات کے سلسلہ میں ریاستی حکومت کی جانب سے اعلامیہ کی اجرائی عمل میں لائی جائے گی۔منگوڈو انتخابات کے عمل کی تکمیل کے ساتھ ہی حکومت کی جانب سے تقررات کے عمل کو شروع کئے جانے کے سلسلہ میں عہدیدار ‘ طلبہ اور نوجوان پر امید ہیں۔م