حیدرآباد۔/9 جولائی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں یوتھ کانگریس کے انتخابات کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے۔ رکنیت سازی مہم 5 اگسٹ تا 5 ستمبر چلائی جائے گی۔ یوتھ کانگریس کے ریاستی صدر شیوا سینا ریڈی نے بتایا کہ تلنگانہ کو پانچ زونس میں منقسم کیا گیا ہے۔ شیوا سینا ریڈی کی میعاد ختم ہونے پر نئے الیکشن کا اعلان کیا گیا۔ پردیش کانگریس کے ورکنگ پریسیڈنٹ مہیش کمار گوڑ، رکن پارلیمنٹ کرن کمار ریڈی، تلنگانہ یوتھ کانگریس کے انچارج سورابھی دیویدی اور دوسروں نے الیکشن شیڈول جاری کیا۔ شیوا سینا ریڈی نے کہا کہ وہ یوتھ کانگریس کی صدارت سے استعفی دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات میں پارٹی کی کامیابی کیلئے یوتھ کانگریس کارکنوں نے غیر معمولی محنت کی ہے۔ انہوں نے صدارت کی میعاد کے دوران تعاون کرنے والے قائدین سے اظہار تشکر کیا۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس کی اقتدار میں واپسی میں یوتھ کانگریس کا اہم رول ہے۔ ریونت ریڈی خود نوجوان ہیں اور نوجوانوں نے ان کی تائید کی۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی کی قیادت میں یوتھ کانگریس ملک بھر میں مزید مستحکم ہوگی۔ رکنیت سازی مہم میں پارٹی کارکنوں کو حصہ لینے کا مشورہ دیا گیا ہے۔1