تلنگانہ میں یونی لیور کے 2 مینوفیکچرنگ یونٹس کے قیام سے اتفاق

   

ڈاؤس میں تلنگانہ حکومت کا پہلا معاہدہ، چیف منسٹر ریونت ریڈی سے کمپنی عہدیداروں کی ملاقات

حیدرآباد 21 جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت کو ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس میں آج اُس وقت پہلی کامیابی ملی جب یونی لیور گلوبل کمپنی نے تلنگانہ میں مینوفیکچرنگ یونٹ کے قیام سے اتفاق کرتے ہوئے یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے ہیں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے یونی لیور گلوبل کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر کو کاماریڈی ضلع میں پام آئیل مینوفیکچرنگ یونٹ اور حیدرآباد میں باٹل کیاپس مینوفیکچرنگ یونٹ کے قیام کی کامیاب ترغیب دی۔ یونی لیور دنیا بھر میں FMCG برانڈس کے اشیاء کیلئے شہرت رکھتی ہے اور تلنگانہ میں پہلی مرتبہ یہ کمپنی اپنے یونٹ قائم کرے گی۔ کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر اور دیگر عہدیداروں نے تلنگانہ میں دو علیحدہ مینوفیکچرنگ یونٹس کے قیام سے اتفاق کیا ہے۔ ہندوستان میں یہ کمپنی ہندوستان لیور کے تحت کاروبار کررہی ہے اور تلنگانہ میں ابھی تک کوئی یونٹ قائم نہیں کیا گیا۔ یونی لیور کے سی ای او ہین اسمیچر اور چیف سپلائی چین آفیسر ولیم وجین نے تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول کو سراہا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اُنھیں سرمایہ کاری کے موزوں مقامات کی نشاندہی کی اور کہاکہ جنوبی ہند اور دیگر ریاستوں کے مقابلہ تلنگانہ سرمایہ کاری کے لئے زیادہ موزوں ہے۔ چیف منسٹر نے ویژن 2050 کے تحت صنعتی ترقی سے متعلق ریاست کی پالیسی کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ یونی لیور کمپنی کے ہندوستان میں کئی مینوفیکچرنگ یونٹ ہیں اور پہلی مرتبہ تلنگانہ میں تجارتی سرگرمیوں کا آغاز ہوگا۔ کمپنی کے ذمہ داروں نے پام آئیل فیسیلیٹی اور ریفائننگ یونٹ کے قیام سے اتفاق کیا۔ چیف منسٹر نے کاماریڈی کے قریب موزوں مقام کی نشاندہی میں حکومت کی جانب سے تعاون کا یقین دلایا۔ کمپنی نے باٹل کیاپ مینوفیکچرنگ یونٹ کے قیام سے بھی اتفاق کیا۔ دنیا بھر میں مشروبات کی فروخت بوتلوں کے ذریعہ انجام دی جارہی ہے اور اُن کے کیاپس کی تیاری میں یونی لیور اہم رول ادا کرے گا۔ چیف منسٹر نے کہاکہ کمپنی کے تلنگانہ میں داخلہ سے مختلف شعبہ جات میں ریاست کی ترقی میں مدد ملے گی۔ ملاقات کے موقع پر اسپیشل چیف سکریٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی جیش رنجن، پرنسپل سکریٹری چیف منسٹر آفس وی شیشادری، اسپیشل سکریٹری انوسٹمنٹ پروموشن وشنو وردھن ریڈی اور چیف منسٹر کے اسپیشل سکریٹری بی اجیت ریڈی موجود تھے۔ 1