جون کے دوسرے ہفتے میں جنوبی ہند میں بارش کا امکان ۔ کیرالا میں 31 مئی سے قبل آمد متوقع
حیدرآباد۔تلنگانہ میں 10 جون کو مانسون کی آمد کے امکانات ظاہر کئے جا رہے ہیں ۔ کہا جا رہاہے کہ طوفان ٹاوکٹے کے اثرات ملک کی کئی ریاستوں میں دیکھے جانے لگے ہیں ۔ ماہرین موسمیات کا کہناہے کہ مانسون آئندہ ماہ کے دوسرے ہفتہ میں جنوبی ریاستو ںمیں سرگرم ہوجائیگا ۔ محکمہ موسمیات کے عہدیداروں نے بتایا کہ تلنگانہ میں آئندہ موسم باراں معمول کے مطابق ہوگا اور مانسون کے دوران توقع کے مطابق بارش ہوسکتی ہے ۔اسکائی میٹ عہدیداروں نے بتایا کہ مانسون کی وقت پر آمد سے تلنگانہ کے علاوہ جنوبی ریاستوں میں بہتر بارش اور مناسب موسم کی توقع ہے جبکہ ماہرین موسمیات کا کہناہے کہ تلنگانہ میں موسم باراں کے آغاز کے ساتھ ہی بارش کا سلسلہ شروع ہوجائیگا۔ بتایاجاتا ہے کہ کیرالا میں 31مئی سے قبل مانسون پہنچ جانے کا امکان ہے جبکہ عام طو رپر کیرالا میں مانسون یکم جون کے بعد ٹکراتا ہے لیکن مئی کے اختتام سے قبل مانسون ٹکرانے سے یہ کہا جا رہاہے کہ جون کہ ابتدائی دو ہفتوں کے دوران ملک کی جنوبی ریاستوں میں مانسون کی بارش کا آغاز ہوجائیگا۔اسکائی میٹ ماہرین کا کہناہے کہ اگر ہندستان میں مانسون کی آمد میں تاخیر بھی ہوتی ہے تو کوئی فرق نہیں پڑے گا کیونکہ ملک کو فی الحال طوفانی بارش کا سامنا ہے اور ملک کی بیشتر ریاستوں میں بارش جاری ہے ۔ کہا جا رہاہے کہ جاریہ ماہ کے آخری ہفتہ تک بھی ملک کی کئی ریاستو ںپر بحرۂ عرب میں آئے طوفان کے اثرات کا سلسلہ جاری رہے گا۔ 24مئی کے بعد اس طوفان ختم ہوسکتا ہے۔ ماہرین کے مطابق جنوبی ریاستوں میں آئندہ ماہ کے دوسرے ہفتہ میں مانسون کے سرگرم ہونے کا فائدہ ہوگا اور ان تمام ریاستوں میں مانسون کے دوران بہترین بارش کے امکانات ہیں جس کے سبب نہ صرف جنوبی ہند کی ریاستوں بلکہ ملک بھر میں زیر زمین پانی کی سطح میں اضافہ ریکارڈ کیا جائیگا ۔ محکمہ موسمیات کے عہدیداروں کے مطابق موسم باراں کے دوران گذشتہ برسوں کے دوران ہونے والی بارش کی طرح بہتر اور فائدہ مند بارش کے امکانات ہیں۔