تلنگانہ میں 10 ماہ بعد کانگریس کا اقتدار، منحرف ارکان اسمبلی کے خلاف تحقیقات

,

   

پد یاترا میں ریونت ریڈی کا اعلان ۔ مختلف شعبہ جات کے نمائندوں کی ملاقات، پناپاکا سے آج پدیاترا کا دوبارہ آغاز
حیدرآباد۔/12 فروری، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی سے آج مختلف طبقات کے نمائندوں نے ملاقات کی اور اپنے مسائل پر نمائندگی کی۔ ہاتھ سے ہاتھ جوڑو یاترا کے دوران ریونت ریڈی کے توقف کے موقع پر معذورین، بے روزگار نوجوانوں اور مجالس مقامی کے عارضی ملازمین نے کیمپ میں ریونت ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے ناانصافیوں کی شکایت کی۔ معذورین کے مسائل کی سماعت کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ حکومت نے ریاستی بجٹ میں معذورین کی بھلائی کو فراموش کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس برسراقتدار آنے کے بعد معذورین کیلئے آسرا پنشن میں توسیع کرے گی۔ معذورین نے شکایت کی کہ انتخابات کے وقت جو وعدے کئے گئے تھے انہیں فراموش کردیا گیا۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ 10 ماہ بعد تلنگانہ میں کانگریس کا اقتدار رہے گا اور ترقی اور فلاح و بہبود کے نئے دورکا آغاز ثابت ہوگا۔ پدیاترا میں ایک روزہ توقف کے بعد کل پناپاکا اسمبلی حلقہ سے پدیاترا کا آغاز کریں گے۔ گولہ پلی منڈل سے صبح 9 بجے پدیاترا شروع ہوگی اور تک گوڑم منڈل میں لنچ کیلئے قیام کریں گے۔ شام 5 بجے امبیڈکر سنٹر منگور میں ریونت ریڈی کارنر میٹنگ سے خطاب کریں گے اور پالا کورتی میں شب بسری کریں گے۔ صدر پردیش کانگریس نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پناپاکا کے رکن اسمبلی نے لالچ کے تحت ٹی آر ایس میںشمولیت اختیار کی ہے۔ کانگریس کے ٹکٹ پر منتخب ہوتے ہوئے عوام کو دھوکہ دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کا دفتر فوری واپس کیا جائے بصورت دیگر عوام انتخابات میں سبق سکھائیں گے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ کانگریس سے انحراف کرنے والے12 ارکان اسمبلی کو عوام سیاسی طور پر سزا دیتے ہوئے تاحیات کسی بھی قانون ساز ادارہ کے انتخاب میں مسترد کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس کے 4 ارکان اسمبلی خریدی معاملہ کے ساتھ کانگریس کے 12 ارکان اسمبلی کے انحراف کی بھی جانچ ہونی چاہیئے۔ اس سلسلہ میں ڈی جی پی اور چیف سکریٹری سے نمائندگی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس برسراقتدار آنے پر مذکورہ ارکان اسمبلی کے خلاف جانچ کرائی جائے گی۔ وزارت، کارپوریشن کی صدارت، کنٹراکٹ اور دیگر سیاسی عہدوں کے لالچ میں انحراف کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی اور بی آر ایس کانگریس کو کمزور کرنے کی سازش کررہے ہیں۔ تلنگانہ میں آئندہ اقتدار کانگریس کا ہوگا اور عوام نے اس بات کا فیصلہ کرلیا ہے۔ر