تلنگانہ میں 23 اکٹوبر تا 7 نومبر راہول کی بھارت جوڑو یاترا

   

چاردن کا وقفہ، 11 کارنر میٹنگس اور 10مقامات پر شب بسری ‘شیڈول میں معمولی تبدیلی

حیدرآباد۔/18 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) کانگریس کے قائد راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کے شیڈول میں معمولی تبدیلی آئی ہے۔ حال ہی میں آل انڈیا کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینو گوپال نے حیدرآباد پہنچ کر تلنگانہ میں راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کے تیار کردہ شیڈول کا جائزہ لیا۔ پہلے تیار کردہ شیڈول کے مطابق 23 اکٹوبر تا 6 نومبر پدیاترا کی جانے والی تھی تاہم تازہ تبدیلیوں کے باعث اب یاترا 7 نومبر کو تلنگانہ میں اختتام کو پہنچے گی۔ تازہ شیڈول کے مطابق 23 اکٹوبر کو صبح 11 بجے راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا ضلع نارائن پیٹ کے کرشنا منڈل میں داخل ہوگی جہاں سے مکتھل تک دن بھر پدیاترا جاری رہے گی جس کے بعد دیوالی تہوار کے پیش نظر تین دن تک 24، 25 اور 26 اکٹوبر تک یاترا کو وقفہ دیا جارہا ہے۔ اس کے بعد 27 اکٹوبر سے یاترا مکتھل سے دوبارہ شروع ہوگی اور 3 نومبر تک جاری رہے گی۔ 4 نومبر کو دوبارہ یاترا کیلئے وقفہ رہے گا۔ 5 نومبر کو ضلع سنگاریڈی کے اسمبلی حلقہ اندول کے چوٹکور سے یاترا کا آغاز ہوگا۔ 7 نومبر کو شام 7 بجے ضلع کاماریڈی کے جکل اسمبلی حلقہ کے شاہ پور، مرزا پور، ہنومان مندر کے پاس یاترا پہنچتے ہوئے اس کا اختتام عمل میں آئے گا جہاں سے راہول گاندھی مہاراشٹرا کو روانہ ہوجائیں گے۔ تازہ شیڈول کے مطابق راہول گاندھی 10 کیلو میٹر تک جنگلاتی علاقہ میں پیدل چلیں گے۔ تلنگانہ میں پدیاترا کے دوران راہول گاندھی 10 مقامات پر کارنر میٹنگس سے خطاب کریں گے اور 10 مقامات پر شب بسری کریں گے۔ ن