تلنگانہ میں 3 کروڑ 30 لاکھ 37 ہزار رائے دہندے

   

خاتون رائے دہندوں کی تعداد زیادہ، قطعی فہرست رائے دہندگان جاری کردی گئی، ناموں کی شمولیت کا عمل جاری رہے گا
حیدرآباد ۔ 8 ۔ فروری(سیاست نیوز) چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج نے کہا کہ فہرست رائے دہندگان پر خصوصی نظرثانی کے بعد تلنگانہ کے 119 اسمبلی حلقہ جات کے لئے قطعی فہرست رائے دہندگان آج جاری کردی گئی۔ تازہ ترین فہرست رائے دہندگان کے مطابق تلنگانہ میں رائے دہندوں کی جملہ تعداد 330037112 ہے جن میں 16447132 مرد اور 16587244 خاتون رائے دہندے ہیں۔ مرد رائے دہندوں کے مقابلہ خواتین کی تعداد کسی قدر زیادہ ہے۔ ریاست میں تھرڈ جینڈر رائے دہندے 2737 ہیں۔ سرویس رائے دہندے 15378 ہیں جبکہ اوورسیز رائے دہندوں کی تعداد 3399 ہے۔ فہرست رائے دہندگان کی تیاری کے سلسلہ میں 22 جنوری سے قبل داخل کی گئی درخواستوں کی یکسوئی کی گئی ۔ انہوں نے بتایا کہ قطعی فہرست رائے دہندگان کی تیاری سے قبل 3 فروری تک 719104 ناموں کا اضافہ ہوا اور 526867 نام ہذف کئے گئے ۔ 421521 ناموں میں تصحیح کی گئی ۔ وکاس راج نے کہا کہ فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت کیلئے عوام کی جانب سے حوصلہ افزاء ردعمل رہا ۔ 18 سے 19 سال عمر کے رائے دہندوں نے اپنے نام شامل کئے۔ 80 سال سے زائد عمر کے رائے دہندوں کی تعداد 454230 ہے جبکہ معذور رائے دہندے 528405 ہیں۔ تھرڈ جینڈر رائے دہندوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے ۔ وکاس راج کے مطابق قطعی فہرست رائے دہندگان کی اشاعت کے باوجود فہرست کو اپ گریڈ کرنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔ تمام اہل افراد جن کی عمر یکم جنوری 2024 کو 18 سال مکمل ہوتی ہے یا پھر دوسرے رائے دہندے جنہوں نے اپنے نام سابق میں شامل نہیں کرائے وہ دوبارہ درخواست دے سکتے ہیں۔ 18 سال کی تکمیل کرنے والے افراد جن کی عمر یکم اپریل 2024 ، یکم جولائی 2024 ، اور یکم ستمبر 2024 کو 18 سال مکمل ہوتی ہے، وہ درخواست دے سکتے ہیں۔ تمام شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ متعلقہ پولنگ اسٹیشنوں میں فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت کا جائزہ لیں۔ ووٹر ہیلپ لائین ایپ یا الیکشن کمیشن کی ویب سائیٹ voters.eci.gov.in پر تفصیلات کا مشاہدہ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ناموں کی شمولیت اور تصحیح کیلئے فارم 8 آن لائین داخل کیا جاسکتا ہے۔ 1