تلنگانہ میں 4 لاکھ سے زائد کورونا ٹیکہ دیئے گئے

   

یکم مارچ سے عمر رسیدہ اور مختلف امراض میں مبتلا افراد کی ٹیکہ اندازی ، تیاریاں مکمل
حیدرآباد :۔ محکمہ صحت کے ڈائرکٹر سرینواس راؤ نے کہا کہ کورونا ٹیکہ بالکل محفوظ ہے ۔ تاحال ریاست میں 4 لاکھ سے زائد لوگوں کو ٹیکہ دیا گیا ۔ 60 سال سے زیادہ عمر والوں اور مختلف امراض میں مبتلا 45 تا 59 افراد کو یکم مارچ سے ٹیکہ دینے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں ۔ عمر کی تصدیق کیلئے 7 اقسام کے شناختی کارڈ کو رجسٹریشن کیلئے قبول کیا جائیگا ۔ انہوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ بے خوف ہو کر قریبی سرکاری ہاسپٹل پہونچکر مفت کورونا کا ٹیکہ حاصل کریں ۔ اگر رجسٹریشن اور ویکسن کے معاملے میں شکوک ہیں تو 104 کال سنٹر کو فون کرکے شکوک دور کرلیں ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں 26 جنوری سے ٹیکہ اندازی مہم کا آغاز کیا گیا جو کامیابی سے چل رہا ہے ۔ یکم مارچ سے عمر رسیدہ اور کہنہ مرض میں مبتلا ہونے والے عوام کو ٹیکہ دینے کی تیاریاں عہدیدار مکمل کرچکے ہیں ۔ کوون 2.0 پورٹل پر آج اور کل ٹرائل رن کیا جارہا ہے ۔ 20 امراض میں مبتلا افراد کے پاس ڈاکٹرس کی تصدیق کا سرٹیفیکٹ ہونے پر ٹیکہ دیا جائیگا ۔ خانگی ہاسپٹلس میں ویکسین کی تیاریاں کی جارہی ہیں تاحال تلنگانہ میں 15 لاکھ ویکسین ڈوز کو تیار رکھا گیا ہے ۔ ریاست میں 1200 مراکز پر ٹیکہ دیا جائیگا جس میں 232 اروگیہ شری ہاسپٹلس ہیں ۔ ماباقی سرکاری ہاسپٹلس ہیں ۔ اگر خانگی ہاسپٹلس میں ٹیکہ لینے پر مضر اثرات ہوتے ہیں تو اس کے علاج کی ذمہ داری خانگی ہاسپٹلس پر ہوگی جن ہاسپٹلس میں آروگیہ شری کی سہولت نہیں ہے وہاں ٹیکہ اندازی نہیں ہوگی ۔ خانگی ہاسپٹلس میں روزانہ 200 افراد کو ٹیکہ دینے کی اجازت دی گئی ہے ۔