تلنگانہ میں 4 لاکھ 50 ہزار رمضان گفٹس تقسیم کرنے حکومت کا فیصلہ

   

815 مساجد میں رمضان ڈنر کا اہتمام، ہر اسمبلی حلقہ میں 4 مساجد کو قطعیت

حیدرآباد۔27۔مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت کی جانب سے ہر سال کی طرح غریب مسلمانوں میں رمضان گفٹ کی تقسیم کی تیاریاں شروع ہوچکی ہیں۔ ریاست بھر میں 4.50 لاکھ غریبوں میں رمضان گفٹ کی تقسیم کے علاوہ مساجد میں افطار ڈنر کا اہتمام کیا جائے گا۔ سکریٹری اقلیتی بہبود احمد ندیم نے اس سلسلہ میں احکامات جاری کئے جس کے مطابق گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے حدود میں 448 مساجد جبکہ اضلاع میں 367 مساجد میں رمضان گفٹ کی تقسیم اور افطار ڈنر کا اہتمام کیا جائے گا۔ ہر مسجد میں 500 افراد کیلئے افطار ڈنر کا اہتمام رہے گا اور گفٹ پیاکٹس تقسیم کئے جائیں گے۔ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں 448 مساجد میں 2 لاکھ 24 ہزار گفٹ پیاکٹس کی تقسیم عمل میں آئے گا جبکہ باقی اضلاع میں ایک لاکھ 83 ہزار 500 گفٹ پیاکٹس تقسیم کئے جائیں گے ۔ گریٹر حیدرآباد کے ہر بلدی وارڈ میں دو مساجد کا انتخاب کیا جائے گا اور 150 وارڈس کے اعتبار سے 300 مساجد میں رمضان گفٹ کی تقسیم اور افطار ڈنر کا اہتمام ہوگا۔ ہر اسمبلی حلقہ میں 4 مساجد کے اعتبار سے گریٹر حیدرآباد کے اسمبلی حلقہ جات میں 96 مساجد کا انتخاب کیا جائے گا ۔ سکندرآباد کنٹونمنٹ میں 16 مساجد میں تقسیم عمل میں آئے گی ۔ اس کے علاوہ یتیم خانوں ، شیعہ اور مہدوی مساجد کے لئے 19 مساجد کا انتخاب ہوگا۔ گریٹر حیدرآباد کے علاوہ ریاست کے باقی 95 اسمبلی حلقہ جات کی 367 مساجد میں رمضان گفٹ کی تقسیم عمل میں آئے گی ۔ محکمہ اقلیتی بہبود نے 17 اضافی مساجد کی تقسیم کی تیاری کرلی ہے جس کا بعد میں انتخاب کیا جائے گا ۔اضلاع میں تقسیم کے لئے رمضان گفٹ پیاکٹس کی روانگی کا آغاز ہوچکا ہے جبکہ حیدرآباد میں اپریل کے پہلے ہفتہ میں تقسیم عمل میں آئے گی ۔ ضلع کلکٹرس کو تقسیم کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ افطار ڈنر کے انعقاد کے لئے ہر مسجد کو ایک لاکھ روپئے منظور کئے جائیں گے۔ 200 روپئے فی کس کے حساب سے یہ رقم متعلقہ مساجد کے بینک اکاؤنٹس میں جمع کی جائے گی ۔ ضلع کلکٹرس مساجد کی تفصیلات حاصل کرتے ہوئے بینک اکاؤنٹس میں 30 مارچ تک رقم منتقل کردیں گے ۔ ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی گئی ہے کہ ایسی مساجد کا انتخاب کریں جو سلم علاقوں سے قریب ہوں۔ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں کمشنر جی ایچ ایم سی کو ذمہ داری دی گئی ہے ۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر تلنگانہ وقف بورڈ 30 مارچ تک شیعہ اور مہدوی مساجد کے علاوہ یتیم خانوں کی تفصیلات حاصل کریں گے۔ شہر کے اطراف کی میونسپلٹیز میں افطار ڈنر اور رمضان گفٹ کی تقسیم کیلئے عہدیداروں کو انچارج مقرر کیا گیا ہے ۔ر