تلنگانہ میں 600 ایس بی آئی ملازمین کورونا متاثر

   

۔50 فیصد عملہ کے ساتھ خدمات کے باوجود صورتحال ابتر
حیدرآباد۔خانگی دفاتر اور بینکوں میں انتظامیہ سے ملازمین کی تعداد میں تخفیف اور 50 فیصد عملہ کے ساتھ خدمات کا فیصلہ کیا گیا اس کے باوجود شہر کے کئی اداروں میں کورونا متاثرین کی تعدا دمیں اضافہ دیکھا جا رہاہے اور ممکنہ حد تک ورک فرم ہوم کی اجازت دی جا رہی ہے لیکن بینک خدمات کو مکمل بند نہیں کیا جاسکتا اور نہ گھر سے یہ خدمات انجام دی جاسکتی ہیں اسی لئے 50 فیصد عملہ کے ساتھ بینکوں کی خدمات کا سلسلہ جاری ہے ۔ اس کے باوجود بینکوں کی حالات انتہائی تشویشناک ہوچکی ہے۔شہر میں اسٹیٹ بینک آف انڈیا کے 600سے زائد ملازمین و عہدیدار کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں ۔ اس کے علاوہ کئی خانگی بینکوں کے ملازمین اور عہدیداروں کے کورونا متاثر ہونے کی شکایات ملی ہیں ۔بینک ملازمین کا کہنا ہے کہ بینکوں میں عوام کی آمد ورفت کو روکا جانا ممکن نہیں ہوتا اور بینک ملازمین اپنے گاہکوں سے راست رابطہ میں آتے ہیں اسی لئے زیادہ متاثر ہونے کی شکایات ملنے لگی ہیں لیکن ان حالات میں حکومت کو صورتحال کا جائزہ لے کر اقدامات کرنے چاہئے ۔ ملک گیر سطح پر بینک کاری نظام کو آن لائن اور بہتر بنانے کے ساتھ بینک ملازمین کے تحفظ کے اقدامات کئے جانے چاہئے ۔ تلنگانہ کے علاوہ دونوں شہروں میں خانگی و سرکاری بینکوں کے انتظامیہ کے علاوہ کئی خانگی ادارو ںکے ذمہ داروں نے 50 فیصد عملہ کے ساتھ خدمات کے اقدامات کرلئے ہیں اور کوشش کی جا رہی ہے کہ دفاتر کو کم سے کم عملہ کو طلب کیا جائے اور ممکنہ حد تک گھرسے کام کے رجحان کو فروغ دیا جائے تاکہ ملازمین کو محفوظ ماحول کی فراہمی کے ساتھ گہما گہمی کو کم کیاجاسکے ۔بتایا جاتا ہے کہ بینکوں کے متاثرین کی تعدا د کا جائزہ لینے کے بعد جلد رہنمایانہ خطوط جاری کئے جائیں گے۔