جاریہ ماہ مزید 6,19,110 جائیدادوں کو منظوری کا امکان ،11,103 کنٹراکٹ ملازمین کی خدمات مستقل کرنے کی تیاریاں
حیدرآباد 3 جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ میں ملازمتوں کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے ۔ گزشتہ 9 ماہ میں 60,929 جائیدادوں پر تقررات کیلئے محکمہ فینانس نے منظوری دی ہے۔ مزید ایک ماہ میں ماباقی 19,110 جائیدادوں پر تقررات کیلئے منظوری کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ 11,103 کنٹراکٹ ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ (مستقل) کرنے کی تیاریاں تیز کردی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ مزید 7029 نئی جائیدادوں پر تقررات کیلئے کابینہ نے منظوری دے دی ہے جس میں محکمہ پولیس کے سائبر سیفٹی شعبہ میں 3966 اور بی سی گروکل میں 2591 جائیدادیں شامل ہیں ۔ راست تقرر اور کنٹراکٹ ملازمتوں کو باقاعدہ بنا کر جملہ 98,171 جائیدادوں پر تقررات کئے جارہے ہیں۔ چیف منسٹر کے سی آر نے گزشتہ سال 9 مارچ کو اسمبلی میں اعلان کیا تھا۔ علحدہ تشکیل تلنگانہ کے بعد تاحال 1,33,942 جائیدادوں پر تقررات کئے گئے ۔ مزید 91,142 جائیدادوں پر تقررات کا فیصلہ کیا تھا ۔ اسی بیان میں بتایا تھا کہ 80,039 جائیدادوں پر راست تقررات کئے جائیں گے ۔ مزید 11,103 جائیدادوں پر کنٹراکٹ ملازمین کو باقاعدہ کیا جائے گا۔ چیف منسٹر کے سی آر کے معلنہ ملازمتوں میں ابھی تک 76 فیصد جائیدادوں کو حکومت نے منظوری دی ہے ۔ مزید 24 فیصد جائیدادوں کو آئندہ دو یا تین ہفتوں میں منظوری ملنے کے امکانات ہیں۔ تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے عمل کا آغاز کردیا ہے ۔ گروپ I پریلیمنری امتحان کا انعقاد کیا گیا ۔ مینس امتحان کا اپریل میں انعقاد کیا جارہا ہے ۔ گروپ IV کے 9168 جائیدادوں کیلئے اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے ۔ اسسٹنٹ انجنیئر ، لکچررس کے علاوہ دیگر جائیدادوں پر تقررات کا عمل جاری ہے ۔ تاحال تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن نے 18,263 جائیدادوں پر تقررات کیلئے نوٹیفکیشن جاری کیا ہے ۔ ساتھ ہی گروپ II کی 783 اور گروپ III کی 1372 جائیدادوں کیلئے نوٹفکیشن جاری کئے گئے ہیں۔ میڈیکل اینڈ ہیلت سرویس ریکروٹمنٹ بورڈ نے 950 سیول اسسٹنٹ سرجنس کی جائیدادوں پر تقررات کردیئے ہیں۔ 1147 اسسٹنٹ پروفیسرس کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کیلئے اعلامیہ جاری کیا گیا ہے ۔ جمعہ کو ہی 5204 اسٹاف نرسیس کی جائیدادوں کیلئے اعلامیہ جاری کیا گیا ۔ تمام اقامتی تعلیمی اداروں میں 6,11,687 جائیدادوں پر تقررات کیلئے اعلامیہ جاری کرنے کی تیاریاں آخری مراحل میں پہنچ گئی ہیں ۔ تلنگانہ اسٹیٹ سیول پولیس رکروٹمنٹ بورڈ نے محکمہ پولیس کے مختلف زمروں میں 17,516 جائیدادوں پر تقررات کیلئے اعلامیہ جاری کیا ۔ ابھی تک پریلیمنری امتحان ہوچکا ہے ۔ دوسرے مرحلہ کے ایونٹس جاری ہیں۔ بعد اذاں مینس امتحان کے بعد ملازمتیں پانے والے امیدواروں کی فہرست جاری کی جائے گی ۔ تلنگانہ ملک کی واحد ریاست ہے جہاں تعلیم اور ملازمتوں میں مقامی امیدواروں کیلئے 95 فیصد کوٹہ تحفظات پر عمل کیا جارہا ہے جبکہ دوسری ریاستوں میں مقامی کوٹہ 85 فیصد ہے۔ن